رسائی کے لنکس

’ساؤتھ سائیڈ ود یو‘ اوباما اور خاتون اول کے پیار کی کہانی


فلم ’ساؤتھ سائیڈ ود یو‘ کی شوٹنگ شکاگو میں انہی جگہوں پر کی گئی ہے جہاں براک اوباما اور مشیل اوباما ایک دوسرے سے پہلی بار ملے تھے۔ فلم کے لئے مشیل اوباما کے گھر کا سیٹ بھی ان کے حقیقی گھر سے محض دو بلاک کے فاصلے پر لگایا گیا

سیاست اور صدارت آسان کام نہیں اور اسی لئے ہم اور آپ یعنی عوام اہم عہدوں پر براجمان افراد کو نہایت سنجیدگی سے فرائض انجام دیتے دیکھتے ہیں۔ لیکن، ان شخصیات کی نجی زندگی بھی عام لوگوں جیسی ہی ہوتی ہے جس میں کبھی خوشی تو کبھی غم آتا رہتا ہے۔

ایسی ہی ایک جھلک دکھانے کی کوشش کی گئی ہے امریکی صدر براک اوباما اور خاتون اول مشیل اوباما کی پہلی ملاقات اور محبت کے آغاز پر بننے والی فلم ’ساؤتھ سائیڈ ود یو‘ میں۔

ویب سائٹ ’پولیٹکو ڈاٹ کام‘ کے مطابق، 813 سینما گھروں میں نمائش کے لئے پیش کی گئی ’ساؤتھ سائیڈ ود یو‘ نے ریلیز کے پہلے ہی ویک اینڈ پر تین اعشاریہ ایک ملین ڈالر کا بزنس کیا۔ فلم کی پہلی بار نمائش جنوری 2016ء میں سنڈینس فلم فیسٹول میں کی گئی تھی۔

سنہ 1989میں ایک عام سے نوجوان اور لڑکی کی ملاقات و محبت کے گرد گھومتی کہانی کے کردار آگے چل کر دنیا کی سب سے زیادہ مشہور جوڑی بن گئے۔ لڑکا یعنی براک اوباما امریکہ کا صدر بنا اور ان کی چاہت، ان کی بیوی مشیل اوباما خاتون اول کہلائیں۔

فلم ’ساؤتھ سائیڈ ود یو‘ کی شوٹنگ شکاگو میں انہی جگہوں پرکی گئی ہے جہاں براک اوباما اور مشیل اوباما ایک دوسرے سے پہلی بار ملے تھے۔ فلم کے لئے مشیل اوباما کے گھر کا سیٹ بھی ان کے حقیقی گھر سے محض دوبلاک کے فاصلے پر لگایا گیا، یہ کہنا ہے ’دی شکاگو ٹری بیون‘ کا۔

ڈیلی بیسٹ کے مطابق فلم میں دکھایا گیا ہے کہ براک اوباما پہلی ملاقات کے لئے مشیل کو لینے، جو اس وقت مشیل رابنسن تھیں، پیلے رنگ کی ڈاٹسن میں آئے تھے جو وہ خود چلا رہے تھے۔

حقیقت میں بھی ایسا ہی ہوا تھا۔ اس گاڑی کی قیمت پانچ سو ڈالرز تھی۔ گاڑی سے تھوڑی آوازیں آتی تھیں لیکن انجن بالکل ٹھیک تھا۔

برطانوی اخبار ’گارجین‘ نے فلم کے بارے میں لکھا ہے کہ’ساؤتھ سائیڈ ود یو‘ میں 28 سالہ براک اوباما اور 26 سال کی مشیل رابنسن کو عام سی جوڑی کی طرح آرٹ گیلری میں تصویریں دیکھتے، سینما میں ڈو دا رائٹ تھنگ سے لطف اندوز ہوتے اور باتیں کرتے دیکھنا ایک خوشگوار احساس کراتا ہے۔

’گارجین‘ کے مطابق اپنی پہلی ملاقات کے بارے میں صدر براک اوباما کا کہنا تھا کہ ’’ڈورچسٹر ایوینو کی 53 اسٹریٹ کے کونے میں واقع مشہور مارکیٹ باسکن روبنز سے ان کی مشہور آئسکریم کھلائی اور ہم نے ڈنر کیا۔‘‘

امریکی صدر براک اوباما اور خاتون اول مشیل اوباما کی نجی زندگی پر بننے والی فلم کے ہدایتکار ہیں رچرڈ ٹینے جو گلینڈن پالمر کے ساتھ مشترکہ پروڈیوسر بھی ہیں۔

’ساؤتھ سائیڈ ودیو‘ میں صدر اوباما کا کردار پارکر سوئیر اور مشیل کا رول ٹکا سمپڑنے ادا کیا ہے۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں ایلکس زیلنکا، جیروڈ ہیئنس، فریڈ نیئنس جونیئر، ڈونلڈ پال اورڈیانا ریڈ فوسٹر شامل ہیں۔

کسی امریکی صدر پر فلم بننے کا یہ پہلا موقع نہیں۔ اس سے قبل صدر نکسن، روز ویلٹ اور دیگر صدور پر بھی فلمیں بنائی جا چکی ہیں۔ تاہم، عہدہ صدارت پر موجود کسی صدر پر فلم بننے اور ریلیز کئے جانے کا موقع شاذ و نادر ہی آتا ہے۔

XS
SM
MD
LG