رسائی کے لنکس

جنوبی افریقہ کی ٹیم 14 برس بعد پاکستان آئے گی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ نے آئندہ برس جنوری میں دورۂ پاکستان کی تصدیق کی ہے۔ جنوبی افریقی ٹیم 14 برس بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی جس کے لیے مہمان ٹیم 16 جنوری کو کراچی پہنچے گی۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم نے 2010 اور 2013 میں پاکستان کی ہوم سیریز نیوٹرل وینیو یعنی متحدہ عرب امارات میں کھیلی تھیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم اور راولپنڈی کا پنڈی اسٹیڈیم جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچز کی میزبانی کرے گا جب کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

جنوبی افریقی بورڈ نے بھی ایک ٹوئٹ میں دورے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 2007 کے بعد ان کی ٹیم دورۂ پاکستان کے لیے پرجوش ہے۔

پی سی بی کے مطابق جنوبی افریقہ کے دورۂ پاکستان کا آغاز ٹیسٹ سیریز سے ہو گا اور پہلا ٹیسٹ 26 سے 30 جنوری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جب کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ چار فروری سے راولپنڈی میں شروع ہو گا۔

ٹی ٹوئنٹی میچز بالترتیب 11، 13 اور 14 فروری کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ ایسا پہلی مرتبہ ہو گا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کی سر زمین پر ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان پہنچنے کے بعد کراچی میں قرنطینہ کی مدت مکمل کرے گی جس کے بعد اُنہیں ٹریننگ سیشنز اور انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچوں میں شرکت کی اجازت ہو گی۔

یاد رہے کہ پاکستان کے شہر لاہور میں 2009 میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران زمبابوے، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کیا جس کے بعد پی سی بی کو ملک میں دیگر ٹیموں کی آمد کی بھی توقع ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کی جانب سے دورہ پاکستان پر رضامندی کا اظہار اور تین مختلف شہروں میں طویل اور محدود طرز کے کرکٹ میچز کھیلنے پر اتفاق کرنا، پاکستان کی کرکٹ اور یہاں موجود فینز کے لیے ایک خوش آئند خبر ہے۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ وہ کرونا وائرس کے پروٹوکولز کے تحت اس سیریز کے لیے تمام لاجسٹک انتظامات مکمل کر لیں گے۔

جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ گریم اسمتھ کا کہنا ہے کہ اُنہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ کئی ملکوں کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں اور اب جنوبی افریقہ کا شمار بھی انہی ممالک میں ہونے جا رہا ہے۔

ان کے بقول چند ہفتے قبل سیکیورٹی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کی سفارشات اور تجاویز نے دورۂ پاکستان سے متعلق فیصلہ کرنے میں رہنمائی کی۔

XS
SM
MD
LG