رسائی کے لنکس

موغادیشو مسجد میں بم دھماکے، 30 ہلاک 70زخمی


صومالیہ کے دارالحکومت میں ہفتے کے روز ایک مسجد میں دو بم دھماکوں میں کم از کم 30افراد ہلاک اور 70کے قریب زخمی ہوگئے۔

یہ دھماکے موغادیشو کی بکرہ نامی مارکیٹ میں اُس وقت ہوئے جب عبداللہ شیدی مسجد میں ظہر کی نماز کے لیے لوگ جمع ہو رہے تھے۔ یہ علاقہ الشباب اور حزب الاسلام کے شدت پسند مذہبی گروپوں کے کنٹرول میں ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکوں کے وقت مسجد میں الشباب کے ایک چوٹی کے رُکن، فواد محمد قلاف موجود تھے۔

یہ معلوم نہیں ہو سکا آیا قلاف کو دھماکے میں کوئی گزند پہنچی۔ دھماکے کے بعد الشباب کے شدت پسند موقعے پر پہنچے اور علاقے کو سیل کر دیا۔

کسی نے بھی ہفتے کے دِن کے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔ اِسی ہفتے بکرہ میں ہونے والا یہ دوسرا بم حملہ تھا۔

منگل کو ایک اور مسجد کے قریب بارودی سرنگ پھٹنے کے دھماکے میں ایک شخص ہلاک ہوا۔

القاعدہ سے وابستہ الشباب اور دیگر اسلامی باغی گروپ موغادیشو کے زیادہ تر علاقے اور صومالیہ کے جنوب اور وسطی رقبے پر قابض ہیں۔

XS
SM
MD
LG