رسائی کے لنکس

صومالیہ: تھیٹر کا 20 برس بعد دوبارہ آغاز


صومالیہ کے حکام نے دارالحکومت موغا دیشو میں قائم ملک کے قومی تھیٹر کو دوبارہ کھول دیا ہے جو خانہ جنگی اور سیکیورٹی کے مسائل کے باعث گزشتہ 20 برس سے زائد عرصے سے بند تھا۔

پیر کو تھیٹر کے افتتاح کی باضابطہ تقریب کے موقع پر سینکڑوں افراد بغیر چھت کی عمارت میں جمع ہوئے۔ عمارت کی چھت صومالیہ میں کئی عشروں تک جاری رہنے والی خانہ جنگی کے دوران میں تباہ ہوگئی تھی۔

افتتاحی تقریب کی مناسبت سے تھیڑ میں موسیقی کی ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جسے ٹی وی پر براہِ راست نشر کیا گیا۔ تقریب میں صومالیہ کے صدر شیخ شریف احمد اور اعلیٰ حکومتی عہدیداران بھی شریک تھے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر شریف نے فن کاروں کی بہادری کو سراہا اور امدادی اداروں کے تعاون سے تھیٹر مرکز کی تباہ حال عمارت کی ازز سرِ نو تزئین و آرائش کے عزم کا اظہار کیا۔

صومالی صدر نے کہا کہ شدت پسند تنظیم 'الشباب' کے خلاف دارالحکومت موغادیشو میں حال ہی میں حاصل کی جانے والی عسکری کامیابیوں کی بدولت تھیٹر کا دوبارہ آغاز ممکن ہوسکا ہے۔

واضح رہے کہ عبوری صومالی حکومت کی افواج اور افریقی یونین کے فوجی دستوں نے گزشتہ برس القاعدہ سے منسلک 'الشباب' کے جنگجووں کو دارالحکومت سے باہر دھکیل دیا تھا۔

لیکن اس کے باوجود تنظیم کے جنگجووں کی جانب سے موغادیشو میں دہشت گردی کی کاروائیاں کی جاتی رہی ہیں۔ پیر کو بھی تھیٹر مرکز کے افتتاح سے چند گھنٹے قبل شدت پسندوں کی جانب سے فائر کیے گئے راکٹ صدارتی محل کے نزدیک گرے۔

XS
SM
MD
LG