رسائی کے لنکس

ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری اِن ڈور منتقل؛ ٹکٹ حاصل کرنے والے مہمان کیا کریں گے؟


پیر کو امریکہ کے دار الحکومت میں درجۂ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ہونے کا امکان ہے۔
پیر کو امریکہ کے دار الحکومت میں درجۂ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ہونے کا امکان ہے۔

  • منتخب صدر ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری کے روز امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں درجۂ حرارت منفی 11 تک ہو سکتا ہے۔
  • چالیس سال بعد امریکہ کے منتخب صدر کی تقریب اِن ڈور منعقد ہو گی۔
  • یو ایس کیپٹل پولیس کے جاری کیے گئے بیان کے مطابق کیپٹل کے ویسٹ فرنٹ کا علاقہ پیر کو بند ہوگا۔ تقریب میں شرکت کے لیے اسی حصے کے ٹکٹ جاری کیے گئے تھے۔
  • اِن ڈور تقریب میں صرف پریزیڈینشل پلیٹ فورم کے ٹکٹ رکھنے والے مہمان اور کانگریس کے ارکان شریک ہو سکیں گے۔

ویب ڈیسک — امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں شدید سردی کے باعث منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری ان ڈور منتقل کر دی گئی ہے جس کے بعد ٹکٹ حاصل کرنے والے زیادہ تر مہمان براہِ راست تقریب میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

جوائنٹ انوگرل کمیٹی کے جاری کردہ بیان کے مطابق’’پریزیڈینشل پلیٹ فارم کے ٹکٹ رکھنے والے مہمان اور کانگریس کے ارکان تقریب میں موجود ہوں گے۔ لیکن ان کے علاوہ ٹکٹ رکھنے والے اکثر مہمان تقریب میں شریک نہیں ہو پائیں گے۔‘‘

کمیٹی کا مزید کہنا ہے کہ ’’اس تقریب کے لیے واشنگٹن ڈی سی میں موجود افراد کو پُر زور تجویز دیں گے کہ وہ اپنی مرضی کے اِن ڈور مقامات پر ہونے والے دیگر اِن ڈور ایونٹس میں جا کر انوگریشن دیکھیں۔‘‘

صدر کی تقریبِ حلف برداری کے دن امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 11 اور زیادہ سے زیادہ منفی پانچ سینٹی گریڈ متوقع ہے۔

اس کے علاوہ پیر کو تیز ہوائیں چلنے سے سردی مزید شدید ہوسکتی ہے۔

ماہرینِ موسمیات کے مطابق کم ترین درجۂ حرارت کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ صدر ٹرمپ کی تقریبِ حلف بردار گزشتہ 40 برس میں سرد ترین دن ہونے والی تقریب ہوسکتی ہے۔

ٹرمپ نے ٹرتھ سوشل پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’’میں لوگوں کو تکلیف میں یا کسی بھی طرح زخمی ہوتا نہیں دیکھنا چاہتا۔‘‘

اس سے قبل صدر رونالڈ ریگن کی دوسری مدت کے لیے 1985 میں ہونے والی انوگریشن آخری موقع تھا جب حلف برداری کی تقریب اِن ڈور ہوئی تھی۔

تقریب میں شرکت کے لیے ٹکٹ رکھنے والے دو لاکھ 20 ہزار مہمانوں کی اکثریت بذات خود ٹرمپ کی حلف برداری نہیں دیکھ پائیں گے۔

یو ایس کیپٹل پولیس کے جاری کیے گئے بیان کے مطابق کیپٹل کے ویسٹ فرنٹ کا علاقہ پیر کو بند ہوگا۔ تقریب میں شرکت کے لیے اسی حصے کے ٹکٹ جاری کیے گئے تھے۔

ایوانِ نمائندگان کے ارکان کے نام ایوان کے سارجنٹ ایٹ آرمز نے ایک ای میل میں کہا ہے کہ اپنے انتخابی حلقوں میں جن افراد کو ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں، انہیں آگاہ کر دیجیے کہ اب یہ ٹکٹ ’’یادگاری‘‘ ہوں گے کیوں کہ اکثریت ٹرمپ کو حلف اٹھاتے ہوئے دیکھنے کے لیے وہاں موجود نہیں ہوپائے گی۔

انوگرل کمیٹی کو نیشنل پارک سروس کے جاری کردہ اجازت نامے کے مطابق کھلی فضا میں ہونے والی تقریب کی صورت میں جو ڈھائی لاکھ افراد بغیر کسی ٹکٹ کے نیشنل مال پر جمع ہونے تھے ان کی آمد متوقع ہے۔

ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے کہا ہے کہ وہ کیپٹل ون ایرینا کے اندر اسکرین پر حلف برداری دیکھ سکتے ہیں۔

یہ دار الحکومت میں قائم 20 ہزار افراد کی گنجائش والا ایک کنسرٹ اور اسپورٹس ایونٹس کے لیے بنایا گیا وینیو ہے۔

اتوار کی سہ پہر کیپٹل ون ایرینا ٹرمپ کی وکٹری ریلی بھی ہوگی جس میں امریکی بینڈ دی ولیج پیپل اور دیگر پرفارم کریں گے۔

اس خبر کی بعض معلومات ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG