رسائی کے لنکس

'جاکے کاسٹیوم پہن لو تھوڑی ہی دیر میں بچے آنے والے ہیں'


بھارت میں حال ہی میں منعقد ہونے والے 'نیتا مکیش امبانی کلچر سینٹر' کے لانچنگ ایونٹ کے بعد سوشل میڈیا پر میمز کی بھرمار ہے۔ ایک طرف'اسپائیڈر مین' کے چرچے ہو رہے ہیں تو وہیں جی جی حدید اور زینڈئیا کی روایتی ساڑھی پر بھی بات ہو رہی ہے۔

ممبئی میں جمعے کو 'نیتا مکیش امبانی کلچر سینٹر' کا رنگا رنگ لانچ ہوا جس کا افتتاح بھارت کے ارب پتی مکیش امبانی کی اہلیہ نیتا امبانی نے کیا تھا۔

نیتا مکیش امبانی کلچر سینٹر کا مقصد فن کے ذریعے بھارت کی ثقافت اور روایات کو نمایاں کرنا بتایا جاتاہے۔

اکتیس مارچ سے شروع ہونے والے اس دو روزہ ایونٹ میں امریکی ماڈل جی جی حدید، ہالی وڈ اداکار ٹام ہالینڈ، اداکارہ زینڈئیا کے علاوہ بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان، سلمان خان، عامر خان، دپیکا پڈوکون، کرینہ کپور اور پریانکا چوپڑا سمیت کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔

ایونٹ کے بعد امریکی ماڈل جی جی حدید اور اداکار ٹام ہالینڈ نے اپنی اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے انہیں بھارت مدعو کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

سوشل میڈیا پر اس ایونٹ کی تصاویر وائرل ہونے کے ساتھ ساتھ صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

مووی فلکس زون نامی اکاؤنٹ کی جانب سے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ "ساڑھی میں ملبوس جی جی، یہ صرف بھارت میں ہی ہو سکتا ہے۔"

گردھار جیروانی نے کہا کہ "امبانی جی پلیز ون ڈائریکشن کا بھی ری یونین کروا دیں۔"

ایک صارف نے بھارت کے پاپا رازی فوٹو گرافرز کے سلیبریٹیز کو پکارنے کے انداز کا لطف لیا۔

وشال گپتا نے ایک میم شیئر کی جس میں مکیش امبانی اداکار ٹام ہالینڈ سے کہہ رہے ہیں کہ "جاکے کاسٹیوم پہن لو تھوڑی ہی دیر میں بچے آنے والے ہیں۔"

دیپیکا نامی صارف نے ایک میم شیئر کرتے ہوئے لکھا بھارتی پاپا رازی ٹام ہالینڈ کو 'مکڑی مین' کہہ رہے ہیں، بہت عرصے بعد مجھے اتنی ہنسی آئی ہے۔

ایک اور صارف نے میم شیر کی جس میں مکیش امبانی ان کے پوتے کے ساتھ موجود ہیں جس پر لکھا ہے کہ ان کے پوتےنے کہا "دادا جی مجھے اسپائیڈر مین دیکھنا ہے۔" اور مکیش امبانی نے حقیقی اسپائیڈر مین کو ہی بلا لیا۔

ایک اور میم میں لکھا تھا کہ "جی جی حدید بھارت میں ہر نائی کی دکان کے باہر زین ملک کی تصویر دیکھنے کے بعد۔"

XS
SM
MD
LG