امریکی قومی سلامتی کے ادارے کے روپوش اہل کار، ایڈورڈ سنوڈن روس میں ملنے والی سیاسی پناہ جاری رکھنے کے خواہشمند ہیں۔
اکتیس برس کے سابق امریکی حکومت کے کانٹریکٹر، گذشتہ ایک سال سے روس میں رہتے ہیں۔ امریکہ نے اُن کا پاسپورٹ منسوخ کردیا تھا، جس کے بعد روس نے اُنھیں ملک میں رہنے کی اجازت دی تھی۔
تاہم، جولائی کے آخر میں اُن کی ایک سال کی عارضی سیاسی پناہ کی میعاد ختم ہو رہی ہے۔ بدھ کے روز اُن کے روسی وکیل نے کہا ہےکہ سنوڈن نے روسی حکام کو لمبے عرصے تک رہنے کی درخواست دی ہے۔
امریکی حکام سنوڈن پر الزام لگاتے ہیں کہ اُنھوں نے گذشتہ سال 17 لاکھ خفیہ دستاویزات افشا کرکے صحافیوں کے حوالے کیے تھے، جن کا تعلق امریکی انٹیلی جنس اطلاعات اکٹھے کرنے سے بتایا جاتا ہے، جن کے بارے میں ابھی تک لکھا جا رہا ہے۔ ماضی میں وہ امریکی قومی سلامتی کے ادارے میں کام کیا کرتے تھے۔
امریکہ میں سنوڈن کو جاسوسی کے الزامات کا سامنا ہے۔ تاہم، روس نے اُن کے ملک بدری کے مطالبات ماننے سے انکار کیا ہے۔