رسائی کے لنکس

وارنر، اسمتھ اور اسٹارک پاکستان کے خلاف سیریز نہیں کھیلیں گے


کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف 22 مارچ سے متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور مچل اسٹارک سیریز میں شرکت نہیں کریں گے۔

توقع کی جا رہی تھی کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز سے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں پابندی کے شکار اسمتھ اور وارنر کی کرکٹ میں واپسی ہوگی۔

آسٹریلیا کے چیئرمین آف سلیکٹرز ٹریور ہونز کا کہنا ہے کہ اسمتھ اور وارنر کہنی کی سرجری کے بعد بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں اور اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کی کھیل میں واپسی کے لیے 22 مارچ سے شروع ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ بہترین راستہ ہے جس میں دنیا کے بہترین پلیئرز شرکت کر رہے ہیں۔

ڈیوڈ وارنر آئی پی ایل کی فرنچائز سن رائز حیدرآباد اور اسٹیون اسمتھ راجستھان رائلز کا حصہ ہیں۔

آسٹریلوی اسکواڈ میں آرون فنچ (کپتان)، عثمان خواجہ، شان مارش، پیٹر ہینڈز کو، گلین میکسویل، ایشٹن ٹرنر، مارکس اسٹوئنس، ایلکس کیرے، پیٹ کومنز، ناتھن کولٹر ۔نائل، جے رچرڈسن، کین رچرڈسن، جیسن بیرن ڈورف، ناتھن لیون اور ایڈم زامپا شامل ہیں۔

سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان جمعے کیا جائے گا۔

امکان ہے کہ کپتان سرفراز احمد کو آرام دیا جائے گا اور ان کی جگہ شعیب ٹیم کی قیادت کریں گے۔

سیریز کا پہلا میچ 22 مارچ کو شارجہ میں کھیلا جائے گا جب کہ پانچواں اور آخری میچ 31 مارچ کو دبئی میں ہوگا۔

XS
SM
MD
LG