پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر16 دسمبر کے حملے کے بعد سے ملک بھر میں اسکولوں کی سیکورٹی کا معاملہ نہایت حساس ہوگیا ہے۔ پہلے موسم سرما کی چھٹیوں میں ایک ہفتے کا اضافہ کیا گیا تو اب کراچی سمیت سندھ بھر کے اسکولوں میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی لگادی گئی ہے۔
پابندی کا اعلان محکمہٴتعلیم سندھ کی جانب سے پیر کی رات کو ہوا۔
صوبائی وزیر تعلیم نثار کُھہڑو نے اسکول انتظامیہ کو سختی سے اس پابندی پر عمل درآمد کرانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ اقدام کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔
پابندی کے تحت، طلبہ و طالبات کے علاوہ اسکول کا عملہ بھی منگل کی صبح سے اسکول اوقات میں موبائل فون استعمال نہیں کرسکے گا۔
سندھ میں موسم سرما کی تعطیلات کے بعد یکم جنوری سے اسکول کھلنا تھے۔
تاہم، دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر ان میں ایک ہفتے کا اضافہ کردیا گیا تھا جس کے بعد پیر کو تمام اسکول کھل گئے اور تدریسی عمل دوبارہ شروع ہوگیا۔