رسائی کے لنکس

میجر ہرچرن سنگھ کی شادی، اعلیٰ شخصیات کی شرکت


پاک فوج کے پہلے سکھ آفیسر میجر ہرچرن سنگھ کی شادی سکھوں کے مقدس مقام گردوارہ پنجہ صاحب، حسن ابدال میں منعقد ہوئی، شادی کی تقریب میں پاک فوج کے حاضر اور سابق افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی

پاکستان فوج میں شامل ہونے والے پہلے سکھ فوجی آفیسر میجر ہرچرن سنگھ رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئے ہیں اور ان کی شادی کی خبر پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کی گئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پر اس شادی کی خبر، تصاویر اور ویڈیو فوٹیج بھی ریلیز کی۔

میجرجنرل آصف غفور نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاک فوج کے پہلے سکھ آفیسر میجر ہرچرن سنگھ کی شادی سکھوں کے مقدس مقام گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں منعقد ہوئی، شادی کی تقریب میں پاک فوج کے حاضر اور سابق افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی میجر ہرچرن سنگھ کو شادی کی مبارکباد دی ہے اور نئی زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

میجر ہرچرن سنگھ نے سال 2007ء میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا تھا۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ پاک فوج قومی اتحاد کی مثال ہے اور پاک فوج میں اقلیتوں کے مذہبی حقوق کا مکمل خیال رکھا جاتا ہے۔

آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری تصاویر اور فوٹیج میں پاک آرمی کے سابق سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی بھی موجود ہیں جو شادی کی تقریب میں گردوارہ کے اندر اور بعدازاں کھانے کی میز پر بیٹھے بھی نظر آرہے ہیں۔ اس میز پر جنرل کیانی کے دور کے کئی لیفٹننٹ جنرل بھی موجود ہیں۔ لیکن موجودہ عسکری قیادت میں سے کوئی سینئر افسر شادی کی فوٹیج میں نظر نہیں آرہا؛ جبکہ حکومتی شخصیات میں سے چئیرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق بھی شادی میں شریک تھے۔

شادی کی تقریب میں میجر ہرچرن سنگھ سوٹ میں ملبوس نظر آرہے ہیں۔ البتہ انہوں نے سکھ شادی کی روایت کے مطابق، ہاتھ میں تلوار بھی اٹھا رکھی ہے اور سرخ رنگ کی پگڑی باندھ رکھی ہے۔

XS
SM
MD
LG