رسائی کے لنکس

پاکستان کے لئے اعزاز، سکھ برادری کے رمیش سنگھ کو عالمی ایوارڈ


سکھ ایوارڈ کے لئے ایشیا، امریکا، مڈل ایسٹ، یورپ، افریقہ سمیت دنیا بھر کے ملکوں میں رہنے والے سکھ کمیونٹی کے افراد اور تنظیموں کی سماجی، صحت، تعلیم، کھیل اور دیگر شعبوں میں خدمات انجام دینے پر ایوارڈ کے لئے چنا جاتا ہے

پاکستان میں بسنے والی مختلف ثقافتی اور مذہبی کمیونیٹز اپنے اپنے انداز میں نمایاں کام اور خدمات سرانجام دے رہی ہیں، اور ان خدمات کا اعتراف اب عالمی سطح پر بھی ہونے لگا ہے۔

کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں آٹھویں سالانہ سکھ ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوئی جس میں کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستان سکھ کونسل کے سربراہ سردار رمیش سنگھ خالصہ کو ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ 2017‘ سے نوازا گیا۔

سردار رمیش سنگھ کو یہ ایوارڈ مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے، سکھ برادری کی بہبود کے لئے کام کرنے اور مثبت کردار ادا کرنے پر دیا گیا۔

سردار رمیش سنگھ گزشتہ 16 سال سے سماجی خدمات بڑے پرجوش انداز میں انجام دے رہے ہیں۔

سردار رمیش سنگھ خالصہ نے کینیڈا کے وزیر برائے اسمال بزنس و سیاحت بروش چھاگر سے ایوارڈ وصول کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ’’سکھ کمیونٹی کے لئے پاکستان پاک دھرتی ہے، کیونکہ وہاں ننکانہ صاحب اور پنجہ صاحب گردوارے موجود ہیں۔‘‘

کینیڈا میں مقیم رمیش سنگھ خالصہ نے ’وائس آف امریکہ‘ سے فون پر گفتگو میں کاہ کہ بہت ’’خوش ہوں کہ میں’ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ پانے والا پہلا پاکستانی بن گیا۔ یہ صرف میرے لئے ہی نہیں بلکہ پاکستان اور پاکستان کی پوری سکھ کمیونٹی کے لئے اعزاز کی بات ہے۔‘‘

ایوارڈ وصول کرنے کے بعد سردار رمیش سنگھ خالصہ نے سکھ ایوارڈ کے بانی نودیپ سنگھ کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے خطاب میں نودیپ سنگھ کا کہنا تھا کہ ’’ایوارڈز کا مقصد سکھ کمیونٹی کی کامیابیوں اورخدمات کوخراج تحسین پیش کرنا ہے۔‘‘

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کو رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اسپشل ریکگنیشن ایوارڈ دیا گیا۔

سردار رمیش سنگھ خالصہ نے وی او اے کو بتایا ’’سکھ ایوارڈ کے لئے ایشیا، امریکا، مڈل ایسٹ،یورپ، افریقہ سمیت دنیا بھر کے ملکوں میں رہنے والے سکھ کمیونٹی کے افراد اور تنظیموں کی سماجی، صحت، تعلیم، کھیل اور دیگر شعبوں میں خدمات انجام دینے پر ایوارڈ کے لئے چنا جاتا ہے۔‘‘

تقریب میں کینیڈا کی سیاسی جماعت این ڈی پی کے سربراہ اور وزارت اعظمی کے امیدوار جگ میت سنگھ، اراکین پارلیمنٹ راج گریوال، رندیپ سنگھ اور پاکستان، امریکا، دبئی، برطانیہ اور آسٹریلیا سے آئے ہوئے سکھ کمیونٹی کے افراد سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی500نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

ٹورنٹو کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والی ایوارڈز کی خوبصورت تقریب میں میزبانی کے فرائض سی بی سی کی ویدر اینکر کیرن جونسن بسرا نے انجام دئیے۔

XS
SM
MD
LG