رسائی کے لنکس

دانش کنیریا کے ساتھ تعصب برتا جاتا تھا: شعیب اختر


کرکٹ کے سابق نامور پاکستانی کھلاڑی، دانش کنیریا (فائل)
کرکٹ کے سابق نامور پاکستانی کھلاڑی، دانش کنیریا (فائل)

سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا یہ بیان کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی مذہبی بنیاد پر دانش کنیریا کے ساتھ تعصب برتتے تھے، پچھلے دو روز سے جنوبی ایشیائی تجزیہ کاروں، سابق کھلاڑیوں اور مداحوں کا موضوع بحث بنا ہوا ہے۔

شعیب اختر نے چونکا دینے والے اس انکشاف میں کہا تھا کہ ہندو ہونے کی بنا پر پاکستان ٹیم میں دانش کنیریا کے ساتھی ان سے تعصب کا رویہ رکھتے تھے۔

ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں، انھوں نے کہا کہ ''اپنے کیرئر میں میرا دو، تین کھلاڑیوں کے ساتھ اس بات پر جھگڑا ہوا جب انھوں نے لسانیت پر گفتگو کی''۔

شعیب اختر نے مزید کہا کہ ایک ہندو کھلاڑی نے پاکستان کو ایک سیریز جتوائی۔ بقول ان کے،'' ڈریسنگ روم میں میں نے سنا کہ کچھ کھلاڑی یہ کہہ رہے تھے کہ کنیریا یہاں سے کھانا کیوں لے رہا ہے؟''۔

اس پر، میں نے ان سے کہا: ''میں تم لوگوں کو اٹھا کر باہر پھینک دوں گا۔''

شعیب اختر کے اس بیان پر بھارتی ذرائع ابلاغ نے بہت شور مچایا، جب کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے نامور سابق بیٹسمین اور کپتان محمد یوسف اور سابق کپتان اور کوچ انضمام الحق نے اپنے بیانات میں شعیب اختر کے بیان کی تردید کرتے ہوئے، اسے ''غیر حقیقی اور نامناسب'' قرار دیا ہے۔

ادھر، دانش کنیریا نے ایک ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو میں نامور کرکٹرز یونس خان، انضمام الحق اور دیگر سینئر کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے کبھی تعصب نہیں برتا۔ بقول ان کے، ''پاکستان کی طرف سے کھیلنے پر مجھے فخر ہے''۔

تاہم، کنیریا نے بعض کھلاڑیوں کے رویے پر افسوس کا اظہار کیا۔ شعیب اختر کے بارے میں انھوں نے کہا کہ میں ان کی بہت عزت کرتا ہوں۔

ایک اخباری بیان میں کنیریا نے کہا ہے کہ انھیں ہندو اور پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔

انضمام الحق نے کہا ہے کہ وہ خود دانش کے ساتھ ایک پلیٹ میں کھانا کھاتے رہے ہیں۔

محمد یوسف نے شعیب اختر کے بیان کو ''فضول'' قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کے ساتھ مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک برتنے کا دعویٰ ''حقائق پر مبنی نہیں ہے''۔

ایک ٹوئیٹ میں اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے، محمد یوسف نے کہا کہ ''میں شعیب اختر کے بیان پر خاموش نہیں رہ سکتا۔ کھلاڑیوں کے ساتھ امتیازی سلوک کے بیان کی مذمت کرتا ہوں''۔

محمد یوسف نے کہا کہ ''میں پاکستان ٹیم کا حصہ رہا ہوں۔ مجھے ہمیشہ ٹیم، انتظامیہ اور مداحوں کی جانب سے بہت سا پیار اور حمایت ملی''۔

XS
SM
MD
LG