رسائی کے لنکس

شراپووا ’دھوکے باز‘ ہے، دوبارہ ٹینس نہیں کھیلنا چاہئے: بوشارڈ


کینیڈا کی ٹینس اسٹار نے کہا ہے کہ ’’ماریا شرا پووا دھوکے باز ہے، اور میں نہیں سمجھتی کہ دھوکے باز کو کسی بھی کھیل میں دوبارہ شرکت کی اجازت ہونی چاہئے‘‘

روسی ٹینس اسٹار ماریا شراپووا کی ٹینس کورٹ میں واپسی کا جہاں خیرمقدم کیا جا رہا ہے، وہیں ان پر تنقید کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

کینیڈا کی ٹینس اسٹار یوجینی بوشارڈ نے ماریا شراپووا کو ’دھوکے باز‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے دوبارہ ٹینس کھیلنے کی اجازت نہیں دینی چاہئے۔

ومبلڈن 2014 کی فائنلسٹ 23 سالہ بوشارڈ نے جمعرات کو ’ٹی آر ٹی ورلڈ‘ سے انٹرویو میں کہا کہ ’’ماریا شرا پووا دھوکے باز ہے، اور میں نہیں سمجھتی کہ دھوکے باز کو کسی بھی کھیل میں دوبارہ شرکت کی اجازت ہونی چاہئے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’’ڈبلیو ٹی اے کی جانب سے نوجوانوں کو غلط پیغام گیا ہے کہ آپ دھوکہ دیں اور ہم آپ کا کھلےبازوؤں سے خیرمقدم کریں گے۔ میرے خیال میں ایسا کرنا درست نہیں ہے۔‘‘

بوشارڈ کا یہ بھی کہنا تھا ’’ایسا کرنا ان تمام کھلاڑیوں کے ساتھ غیرمنصفانہ عمل ہے جو صحیح انداز میں کھیلتے اور سچے ہیں۔‘‘

ماریا کی ملسل دوسری کامیابی
دوسری جانب ماریا شراپووا نے ڈبلیو ٹی اے اسٹٹ گارٹ اوپن میں اپنے دوسرے میچ میں اپنی ہم وطن ایکا ترینا ماکارووا کو اسٹریٹ سیٹس میں 7-5 اور 6-1 سے شکست دے دی۔

ایونٹ میں یہ ان کی مسلسل دوسری کامیابی ہے۔ پہلے میچ میں انہوں نے اطالوی پلیئر رابرٹا ونسی کو 7-5 اور 6-3 سے شکست دی تھی۔

ماریا شراپووا کا اگلا میچ اسٹونیا کی ابھرتی ٹینس اسٹار 21 سالہ انیٹ کونٹاویٹ سے ہوگا۔ جیت کی صورت میں وہ ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالیں گی۔

XS
SM
MD
LG