سابق عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار ماریا شراوا ممنوعہ ادویہ کے استعمال کے پاداش میں تقریباً 15 ماہ معطلی کے بعد بدھ کو دوبارہ پروفیشنل ٹنیس میں واپس آئی ہیں۔
پانچ بار گرینڈ سلام جیتنے اور عالمی نمبر ایک رہنے والی ماریا نے اپنا آخری میچ گزشتہ سال آسٹریلین اوپن ٹورنامنٹ میں امریکہ کی سرینا ولیمز سے کھیلا تھا جس میں انھیں شکست ہوئی تھی۔
جرمنی کے شہر سٹٹگارٹ میں ہونے والے پورشے گرینڈ پری ٹینس ٹورنامنٹ میں ان کی شرکت وائلڈ کارڈ کے ذریعے ممکن ہوئی ہے۔
چونکہ ان کی معطلی کا خاتمہ گزشتہ نصب شب ہوا تھا اس لیے انھیں ٹورنامنٹ سے قبل یہاں دستیاب آفیشل سہولتوں سے استفادہ کرنے کی اجازت نہیں تھی۔ اسی بنا پر وہ بدھ کی صبح پابندی کے خاتمے کے بعد پہلی بار پورشے ارینا میں داخل ہوئیں جہاں انھوں نے پریکٹس کی۔
گزشتہ سال ممنوعہ دوا استعمال کرنے پر ماریا کو دو سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا جسے بعد ازاں کھیلوں کی ثالثی کی عدالت نے کم کر کے 15 ماہ کر دیا تھا۔
ماریا کا موقف رہا ہے کہ کئی برسوں سے یہ دوا استعمال کرتی آ رہی تھیں جب کہ جنوری 2016ء میں عالمی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے اس دوا کو ممنوع قرار دیا اور ٹینس سٹار کے بقول ان کی نظر سے یہ نئی فہرست نہیں گزری اور اسی بنا پر انھوں نے اس دوا کا استعمال جاری رکھا تھا۔