رسائی کے لنکس

شمشیرا: رنبیر کپور اور سنجے دت کی فلم توقعات پر پوری نہ اتر سکی


بالی وڈ اداکار رنبیر کپور چار برس بعد حال ہی میں فلم 'شمشیرا' کے ذریعے بڑے پردے پر نظر آئے لیکن ان کی یہ فلم باکس آفس پر نمایاں کامیابی سمیٹنے میں ناکام رہی۔

کرن ملہوترا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'شمشیرا' کی باکس آفس پر کامیابی کی توقعات کی جا رہی تھیں البتہ بھارتی جریدے 'انڈیا ٹوڈے' کے مطابق ریلیز کے چھ روز گزرنے کے بعد فلم نے مجموعی طور پر 39.75 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا ہے۔

'شمشیرا' میں اداکار رنبیر کپور اور سنجے دت نے مرکزی کردار ادا کیا ہے جب کہ ان کے ساتھ اداکارہ وانی کپور نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

'یش راج فلمز' کے بینر تلے ریلیز ہونے والی فلم 'شمشیرا' 150 کروڑ بھارتی روپے میں بنی ہے۔

فلم کی ناکامی کے بعد ہدایت کار کرن ملہوترا نے بدھ کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک بیان جاری کیا۔ بیان میں کرن ملہوترا نے کہا کہ "میرے لیے اس پلیٹ فارم پر اپنے جذبات کا اظہار کرنا بہت ضروری ہے کیوں کہ یہی محبت اور نفرت کے اظہار کی جگہ ہے۔"

ان کے بقول "میں پچھلے کئی روز سے موصول ہونے والی نفرت کو سنبھال نہیں پا رہا تھا۔ لیکن اب میں اپنی فلم کے ساتھ کھڑا ہوں اور مجھے فخر ہے کہ یہ میری فلم ہے۔ "

کرن ملہوترا کا مزید کہنا تھا کہ ہم تمام اچھی اور بری چیزوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، انہوں نے شمشیرا کی کاسٹ اور دیگر لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یاد رہے کہ 'شمشیرا' 22 جولائی کو سنیما گھروں کی زینت بنی تھی۔ 'انڈیا ٹوڈے' کے مطابق فلم نے پہلے روز 10.25 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا۔ بعد ازاں ریلیز کے پہلے ویک اینڈ میں فلم 31 کروڑ بھارتی روپے ہی کما پائی تھی۔

ناقد ترن آدرش نے فلم کے ریویو میں اسے 'نا قابلِ برداشت' قرار دیا تھا۔ انہوں نے ریویو میں لکھا تھا کہ "حتیٰ کہ رنبیر کپور کی موجودگی بھی فلم کو ناکام ہونے سے نہیں بچا سکی، یہ ایک بڑی مایوسی ہے۔"

'آئی ایم ڈی بی' کے مطابق 'شمشیرا' کی کہانی ایک افسانوی شہر کزہ کے گرد گھومتی ہے جس میں ایک جنگجو قبیلے کو قید کے بعد غلام بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

'شمشیرا' (رنبیر کپور) اپنے قبیلے کے لیے ایک لیجنڈ بن کر سامنے آتا ہے جو اس کی آزادی کے لیے انتھک کوشش کرتا ہے۔

واضح رہے کہ رنبیر کپور اپنی اہلیہ عالیہ بھٹ کے ساتھ فلم 'براہماستر' میں بھی نظر آنے کے لیے تیار ہیں۔ 'براہماستر' نو ستمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

XS
SM
MD
LG