رسائی کے لنکس

ارب پتی پاکستانی امریکن شاہد خان کی لندن کے ویمبلے سٹیڈیم کی خرید میں دلچسپی


ارب پتی پاکستانی امریکن شاہد خان۔ فائل فوٹو
ارب پتی پاکستانی امریکن شاہد خان۔ فائل فوٹو

ارب پتی پاکستانی نژاد امریکن شاہد خان نے برطانیہ میں انگلش فٹ بال ایسوسی ایشن کے ویمبلے سٹیڈیم کو خریدنے کے لئے پیشکش کی ہے۔ وہ امریکہ میں جیکسن ول کی فٹ بال ٹیم جیگوئرز کے مالک ہیں۔

شاہد خان واحد پاکستانی امریکن ہیں جو امریکہ میں ایک بڑی فٹ بال ٹیم کے مالک ہیں۔

انگلش فٹ بال ایسو سی ایشن کے مطابق ایسوسی ایشن کے بورڈ کو آج جمعرات کے روز مطلع کیا گیا ہے کہ سٹیڈم کی خرید کے لئے شاہد خان کی طرف سے پیشکش موصول ہوئی ہے۔

ویمبلے سٹیڈیم انگلینڈ کے قومی فٹ بال مقابلوں کے لئے 1923 میں تعمیر کیا گیا تھا اور 2007 میں تزئین و آرائش اور اضافوں کے بعد اسے دوبارہ کھولا گیا ہے۔

شاہد خان لندن کی فٹ بال ٹیم فُلہم کے بھی مالک ہیں اور اگر ویمبلے سٹیڈیم کی خرید کے لئے فٹ بال ایسوسی ایشن اُن کی پیشکش قبول کر لیتی ہے تو اُن کے لئے برطانوی دارالحکومت میں NFL فرینچائز خریدنا بھی ممکن ہو جائے گا۔

آج جاری کئے گئے ایک بیان میں شاہد خان نے کہا کہ جیگوئرز ٹیم کے لندن کے ساتھ مضبوط رابطوں کے بہت سے فوائد میں سے ایک انگلش فٹ بال ایسوسی ایشن اور ویمبلے سٹیڈیم کے ساتھ اشتراک عمل ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ سٹیڈیم کی خرید سے یہ نجی ملکیت میں آ جائے گا اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی فٹ بال کے فروغ میں زیادہ اہم کردار ادا کر سکے گی۔

اُدھر NFL نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ ویمبلے سٹیڈیم کی خرید کے سلسلے میں وہ شاہد خان اور اُن کی ٹیم جیکسن ول جیگوئرز کے لئے بہت خوش ہے۔

XS
SM
MD
LG