پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے اختتام کو پہنچی۔
تین میچوں کی یہ سیریز اور خاص کر آخری میچ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور بیٹسمین بابر اعظم کے نام رہا ۔
دونوں کھلاڑی اپنی اپنی فیلڈ میں نئے ریکارڈز بنانے میں کامیاب رہے۔
شاہین شاہ نے ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کی 13سالہ تاریخ میں ایک میچ میں 3 وکٹیں لینے والے سب سے کم عمر بولر کا اعزاز حاصل کیا ۔ان کی عمر ابھی صرف 18 سال ہے ۔
انہوں نے سیریز کے دوسرے میچ میں 4 اوورز میں 20 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کرکے میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔
انیس سال سے کم عمر والے کسی بھی کھلاڑی کی یہ بہترین بولنگ ہے۔
انہوں نے ابھی تک صرف 7 انٹرنیشنل T20میچز کھیلے ہیں۔ ان میچز میں ان کی حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد گیارہ ہوگئی ہے۔
ادھر بابر اعظم ٹی ٹو ئنٹی انٹر نیشنل میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔
اب تک یہ ریکارڈ ویراٹ کوہلی کے پاس تھا جو انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے میچ میں توڑدیا۔
بابر اعظم کو اپنے26 ویں میچ کی 26 ویں اننگز میں یہ اعزاز حاصل ہوا۔
انہیں ویراٹ کوہلی کا ریکارڈ برابر کرنے کے لئے 48رنز درکار تھے جبکہ انہوں نے 58 گیندوں پر 79 رنز کی تیز رفتاراننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔