پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عام انتخابات کے لیے کراچی سے انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ پارٹی کے صدر اور سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کی جماعت برسرِ اقتدار آکر کراچی کے دیرینہ مسائل حل کردے گی۔
شہباز شریف نے پیر کو کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاون میں انتخابی مہم کے پہلے جلسۂ عام سے خطاب کیا جہاں سے وہ عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست پر امیدوار ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ برسرِ اقتدار آنے کے بعد وہ اپنے حلقے میں 500 بستروں کا نیا اسپتال اور ٹیکنیکل ٹرینگ سینٹر بنائیں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت کراچی کو ایشیا کا پیرس بنائے گی۔ کراچی کے شہریوں کو میٹرو بسز اور اورنج ٹرین چلا کر بہترین سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
میاں شہباز شریف نے صوبے کی سابق حکمران جماعت پیپلز پارٹی کو نام لیے بغیر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کراچی کا فنڈ دبئی چلا گیا اور عوام کو کوئی سہولت نہیں ملی۔
اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے صدر نے 'فیڈریشن ہاؤس' میں تاجروں سے بھی خطاب کیا اور کراچی کے لیے پارٹی کا چار نکاتی منشور کا اعلان کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو اقتدار ملا تو پانی کی بوند بوند کو ترستے کراچی کے شہریوں کو تین سال میں گھر گھر پانی ملے گا۔ شہر کا انفراسٹرکچر بہتر بنایا جائے گا۔ پبلک ٹرانسپورٹ کی حالت سدھاری جائے گی اور چھ ماہ میں کچرے اور گندگی کے ڈھیر کا خاتمہ کردیا جائے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے کراچی میں دہشت گردی کا خاتمہ کیا اور امن و امان کی صورتِ حال بہتر بنائی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ کالاباغ ڈیم قومی وحدت سے زیادہ اہم نہیں۔
شہباز شریف دو روزہ دورے پر کراچی میں ہیں جہاں وہ اپنی جماعت کی انتخابی مہم کے سلسلے میں تاجروں، پارٹی کارکنوں اور دیگر وفود سے ملاقاتیں بھی کر رہے ہیں۔
شہباز شریف کے علاوہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر سابق وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل بھی کراچی سے قومی اسمبلی کی نشست پر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) نے گزشتہ انتخابات میں کراچی سے قومی اسمبلی کی ایک نشست سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم بعد میں وہاں سے منتخب رکن قومی اسمبلی عبدالحکیم بلوچ نے پارٹی رکنیت اور قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے کر پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر اسی نشست سے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کی تھی۔
نون لیگ کی قیادت کو امید ہے کہ کراچی میں ایم کیو ایم کی ٹوٹ پھوٹ سے وہ فائدہ اٹھانے میں کسی حد تک کامیاب ہوسکے گی۔