برطانیہ کے حالیہ انتخابات میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والے سات تارکین وطن برطانوی دارالعوام کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔
ساتوں ممبران کا تعلق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے میر پور ڈویژن سے ہے۔ جن میں سے چار ضلع میر پور کی تحصیل ڈڈیال سے ہے۔ جن میں پہلی بار منتخب ہونے والی دو خواتین زارا سلطان اور نصرت غنی کے علاوہ طاہر علی شامل ہیں جبکہ میرپور کی تحصیل چکسواری سے تعلق رکھنے والے ناز شاہ دوسری بار کامیاب ہوئی ہیں۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والے چھ اراکین پارلیمان حزب اختلاف کی جماعت 'لیبر پارٹی' کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ مظفرآباد سے تعلق رکھنے والے رحمٰن چشتی حکمران جماعت کنزر ویٹو پارٹی کے ٹکٹ پر تیسری بار منتخب ہوئے ہیں۔
لیبر پارٹی کے ٹکٹ پر بریڈ فورڈ سے منتخب ہونے والے محمد یاسین کا تعلق ضلع بھمبر کی تحصیل سماہنی پونہ سے جبکہ عمران حسین کا تعلق میر پور سے ہے۔
ان ارکان کے انتخاب پر ان کے آبائی علاقوں میں خوشی منائی جاری ہے جبکہ ان کے آبائی علاقوں کے رہائشی ان کے رشتہ داروں کو مبارک باد دے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ان کی کا کامیابی پر خوشی کے اظہار کے علاوہ یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا ان کی طرح متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والےافراد پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھی انتخابات میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں جہاں برادری کی بنیاد پر ووٹ دینا زیادہ اہم سمجھا جاتا ہے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے سینئر وزیر طارق فاروق کا کہنا ہے کہ پاکستانی کشمیر کی ساری جماعتیں ان کے انتخاب پر خوش ہیں اور ان کو مبارک باد دیتے ہیں۔
ان کے بقول ہم برطانیہ کے جمہوری نظام کی تعریف کرتے ہیں جہاں جماعتی نظام کی وجہ سے لوگ منتخب ہو کر آتے ہیں۔ جہاں کوئی برادری، زبان یا مذہب کا تعصب نہیں ہے۔ محض اپنی خدمات کے نتیجے میں لوگ کو ٹکٹ دیا جاتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کہ نو منتخب ممبران پارلیمنٹ کشمیریوں کی نمائندگی کریں گے۔
ڈڈیال کے رہائشی اور کشمیری قوم پرست تنظیم کے رہنما خواجہ نعیم احمد نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ اس علاقے سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی کامیابی پر لوگوں میں خوشی پائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں سے تعلق رکھنے والے انتخابات میں کامیابی کے بعد کشمیر کی صحیح معنوں میں نمائندگی نہیں کرتے۔ وہ کشمیریوں کے جذبات کے درست معنوں میں ترجمان نہیں ہوتے۔
ڈڈیال سے تعلق رکھنے والی پہلی بار برطانوی پارلیمان کی رکن منتخب ہونے والی زارا سلطان کے رشتہ دار غلام مصطفیٰ نے بتایا کہ ان کی رشتہ دار کا انتخاب ان کے لیے اعزاز کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ نو منتخب ارکان کشمیر کے لیے سودمند ثابت ہوں گے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والے دس لاکھ کے قریب تارکین وطن برطانیہ میں آباد ہیں اور برطانوی شہریت حاصل ہونے کی وجہ سے وہاں کی لوکل کونسل اور پارلیمانی انتخابات میں حصہ لیتے ہیں۔