رسائی کے لنکس

'قومی ادارے کے سربراہ سے متعلق حاصل بزنجو کا تبصرہ بے بنیاد ہے'


آصف غفور کے بقول چھوٹے جمہوری فوائد کی خاطر پورے جمہوری عمل کو بدنام کرنے کا رجحان جمہوریت کی خدمت نہیں کرتا ہے۔ (فائل فوٹو)
آصف غفور کے بقول چھوٹے جمہوری فوائد کی خاطر پورے جمہوری عمل کو بدنام کرنے کا رجحان جمہوریت کی خدمت نہیں کرتا ہے۔ (فائل فوٹو)

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل آصف غفور نے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے سربراہ سے متعلق سینیٹر حاصل بزنجو کے تبصرے کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے لیے نامزد امیدوار حاصل بزنجو نے جمعرات کو موجودہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر زیر گردش ایک ویڈیو میں سینیٹر حاصل بزنجو کو یہ کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ "میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایک کھیل تھا اگر آج ہارے ہیں تو اس کی ذمہ دار آئی ایس آئی ہے۔"

سینیٹر حاصل بزنجو کے تبصرے پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ اعلیٰ قومی ادارے کے سربراہ کے خلاف سینیٹر حاصل بزنجو کے ریمارکس بے بنیاد ہیں۔

آصف غفور کے بقول چھوٹے جمہوری فوائد کی خاطر پورے جمہوری عمل کو بدنام کرنے کا رجحان جمہوریت کی خدمت نہیں کرتا۔

یاد رہے کہ جمعرات کو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے حق میں 50 اور مخالفت میں 45 ووٹ پڑے جب کہ 5 ووٹ مسترد ہوئے۔ اپوزیشن جماعتوں کی قرارداد مطلوبہ ووٹ نہ ملنے کی وجہ سے مسترد کی گئی تھی۔

اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان نے تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اس معاملے پر کُل جماعتی کانفرنس بلانے کا اعلان کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG