انسانی حقوق کی مؤقر بین الاقوامی تنظیم، ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو) نے پاکستان کی نگران حکومت سے 25 جولائی کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں اور ان کی حامیوں کے تحفظ کو یقنی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔
تنظیم کے طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بلوچستان اور صوبہٴ پختون خوا میں حال ہی میں انتخابی امیدواروں اور اُن کے حامیوں پر ہونے والے حملوں کے بعد سیاسی اور سماجی حلقے ان تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔ اگر عام انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی نہ بنایا جا سکا تو انتخابی عمل کے صاف و شفاف ہونے کے بارے میں خدشات میں اضافہ ہوا۔
ان حملوں میں 150 سے زائد افراد ہلاک ہوئے جن میں انتخابات میں حصہ لینے والے بعض امیداور بھی شامل تھے۔
ہیومن رائٹس واچ کی طرف سے منگل کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق، ’’طالبان شدت پسندوں نے پاکستان میں انتخابی عمل کو سبوتاز کرنے لیے سینکڑوں افراد کو ہلاک و زخمی کیا ہے‘‘۔
تنظیم کے ایشیا کے لیے ڈائریکٹر بریڈایڈم نے کہا "اگر حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس بات کو یقینی بنانے کے فوری اقدامات نہ کیے تو تمام سیاسی جماعتیں بغیر کسی خوف کے اپنی انتخابی مہم جاری رکھ سکیں تو آئندہ انتخابات کے صاف و شفاف انعقاد سے متعلق شکوک و شہبات پیدا ہو جائیں گے۔"
ہیومن رائٹس واچ کے بیان سے ایک دن پہلے پیر کو انسانی حقوق کے موقر غیر سرکاری ادار ے ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں انتخابی مہم کے دوران امیدواروں اور ان کے حامیوں پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے انتخابات سے پہلے جاری مہم کے دوران سیکورٹی کے مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
ہییومن رائٹس واچ کے بیان پر تاحال پاکستان حکومت کو کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ تاہم، حکومت کی وزیر اطلاعات و قانون کا کہنا ہے کہ ملک میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے پاکستان میں رواں ماہ ہونے والے انتخابات کو ناکام بنانے کی کوشش ہیں۔
منگل کو راولپنڈی ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "دہشت گردی کے ان واقعات کے ذریعے بیرونی اور اندرونی ریاست مخالف عناصر وہ اس وقت پوری طرح کوشش کررہے کہ وہ کسی نا کسی طرح یہ جو آنے والے الیکشن ہیں ان کو سبوتاژ کر دیا جائے اور وہ خوف پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "یہ عناصر ایسا تاثر پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان کی ریاست تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہے۔"
علی طٖفر نے کہا کہ ہم سب کو، بشمول قانون نافذ کرنے والے اور دیگر متعلقہ اداروں کے، ان ریاست مخالف عناصر کی کوششوں کو ناکام بنانا ہوگا تاکہ الیکشن سے پہلے کے چند دن پرامن رہیں اور انتخابات کا پرامن انعقاد ممکن ہو سکے۔
انہوں مزید کہا کہ آئین کے تحت انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ حکومت کے تمام ادارے الیکشن کمیشن کو تمام ضروری معاونت فراہم کر رہے ہیں۔