رسائی کے لنکس

سندھ کے اسکولوں کو سیکورٹی خدشات، تعطیلات میں اضافہ


صوبائی محکمہٴتعلیم سندھ نے وزیر تعلیم کو ایک سمری ارسال کی تھی جس میں سانحہ پشاور کے تناظر میں تعلیمی اداروں کو سیکورٹی خدشات کے پیش نظر توسیع کی سفارش کی گئی تھی

پنجاب کے بعد سندھ کے اسکولوں کو بھی سیکورٹی سیکورٹی خدشات کا سامنا ہے، جس کے سبب صوبے کے تمام اسکولوں اور وفاقی تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات میں 11 دن کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ اب تعلیمی ادارے 12جنوری 2015ء سے کھلیں گے، جب کہ اس توسیع سے قبل، تمام تعلیمی ادارے یکم جنوری سے کھلنے والے تھے۔

صوبائی سیکریٹری تعلیم افضل پیچوہو کے مطابق صوبائی محکمہٴ تعلیم نے وزیر تعلیم نثار احمد کُھہڑو کو ایک سمری ارسال کی تھی جس میں سانحہٴپشاور کے تناظر میں تعلیمی اداروں کو سیکورٹی خدشات کے پیش نظر توسیع کی سفارش کی گئی تھی۔ فیصلے کا اطلاق سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے اسکول، کالجز پر ہوگا۔

مزار قائد اور سینٹرل جیل کو بھی سیکورٹی خدشات کا سامنا
تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ کراچی میں واقع بانی پاکستان محمد علی جناح کے مزار اور سینٹرل جیل کراچی کو بھی سیکورٹی خدشات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے دونوں جگہ سیکورٹی کے انتظامات غیر معمولی طور پر سخت کر دیئے گئے ہیں۔

مزار قائد کی سیکورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو کی سربراہی میں سینٹرل پولیس آفس میں منگل کو ایک اہم اجلاس بھی ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ مزار قائد کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ لگائے جائیں گے، جبکہ نفری میں اضافے کے ساتھ ساتھ بیرونی گرلز کوبھی مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

ادھر سینٹرل جیل کی جانب جانے والی ایک سڑک کو پولیس نے عام ٹریفک کے لئے بند کردیا ہے۔ حکام کے مطابق، دہشت گردوں کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے بعد پرانی سبزی منڈی سے جیل تک جانے والی سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں، جبکہ اطرافی علاقوں میں کئی ماہ پہلے ہی سیل فون جیمرز لگادیئے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG