رسائی کے لنکس

جیمز بانڈ 007 کی پہلی فلم کی پستول آئندہ ماہ نیلام ہو گی


یہ نیم خود کار 'والتھر پی پی کے' گن ہے جس کی وجہ شہرت میں اس کا مختصر سائز بھی شامل ہے۔
یہ نیم خود کار 'والتھر پی پی کے' گن ہے جس کی وجہ شہرت میں اس کا مختصر سائز بھی شامل ہے۔

جیمزبانڈ 007 کی پستول آئند ماہ نیلامی کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔ اسے آنجہانی اداکار شان کانری نے پہلی جیمز بانڈ فرنچائز فلم 'مسٹر نو' میں استعمال کیا تھا۔

یہ نیم خود کار 'والتھر پی پی کے' گن ہے جس کی وجہ شہرت میں اس کا مختصر سائز بھی شامل ہے۔ جب کہ یہ پستول جیمز بانڈ کی فلموں کی مقبول ترین علامت تصور کی جاتی ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ پستول ایک لاکھ 50 ہزار ڈالرز سے دو لاکھ ڈالرز کے درمیان فروخت ہو جائے گی۔

پستول کو نیلام کرنے والے آکشن ہاؤس کا کہنا ہے کہ اسے تین دسمبر کو بیورلی ہلز کے جولین آکشنز ہاؤس میں نیلام کیا جائے گا۔ نیلامی کو 'آئیکونز اینڈ آئیڈلز: ہالی وڈ' کا نام دیا گیا ہے۔

آکشن ہاؤس کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ پستول شان کانری نے پہلی مرتبہ 1962 میں فلم 'مسٹر نو' میں استعمال کی تھی جب کہ اس کے بعد آنے والی متعدد فلموں میں شان کانری کو یہ پستول استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ یہ پستول ہی جیمز بانڈ کے کردار کی شناخت بنی۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فلموں کے ساتھ ساتھ جیمز بانڈ سے متعلق کتابوں اور دیگر ذرائع ابلاغ میں بھی گزشتہ تقریباً 60 برس میں شان کانری کے ہاتھوں میں یہی پستول دکھائی گئی۔

واضح رہے کہ شان کانری گزشتہ ماہ 31 اکتوبر کو 90 سال کی عمر میں اس دنیا فانی کو خیرباد کہہ گئے۔

خبر رساں اداے 'رائٹرز' کے مطابق جولین آکشنز کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر مارٹن نولان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ پستول اب تک کے سب سے زیادہ قابل شناخت پاپ کلچر کا حوالہ ہے۔

ان کے بقول اس پستول کو تھامنے والا جیمز بانڈ فرنچائز کا سب سے معروف فرد بن جائے گا۔

نیلامی کے لیے پیش کی جانے والی پستول ہالی ووڈ کی 500 یادگار اشیا میں سر فہرست ہے۔ جب کہ دیگر اشیا میں فلم ٹاپ گن میں ٹام کروز کے زیرِ استعمال رہنے والا ہیلمٹ اور سابق امریکی خاتون اول مشعل اوباما کے ملبوسات بھی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG