رسائی کے لنکس

'جیمز بانڈ' کا کردار نبھانے والے شون کونری کا انتقال، مداحوں کا خراجِ تحسین


شون کونری (فائل فوٹو)
شون کونری (فائل فوٹو)

ہالی وڈ فلموں میں جیمز بانڈ کا کردار نبھانے والے شون کونری 90 سال کی عمر میں ہفتے کو انتقال کر گئے۔

اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والے شون کونری نے سب سے پہلے ہالی وڈ کی فلموں میں جیمز بانڈ کا کردار نبھا کر شہرت حاصل کی اور چار دہائیوں تک سلور اسکرین پر راج کرتے رہے۔

شون کونری کا انتقال بہاماس میں ہوا وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ کونری کے لواحقین میں دو بیٹے اور اہلیہ شامل ہیں۔

رواں برس اگست میں کونری نے اپنی 90 ویں سال گرہ منائی تھی۔

شون کونری کا فلمی سفر سات دہائیوں پر مشتمل تھا اور انہیں 1988 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘دی ان ٹچ ایبلز’ میں اداکاری کے جوہر دکھانے پر آسکر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

ان کی دیگر مشہور فلموں میں دی ہنٹ فار گریٹ اکتوبر، 'ہائی لینڈر'، 'انڈیانا جونز اینڈ 'دی لاسٹ کروسیڈ' اور 'دی راک' شامل ہیں۔

شون کونری کے بیٹے کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں موجود ان کے والد کے پرستاروں کے لیے یہ غم کا دن ہے۔

کونری کی ترجمان کا کہنا ہے کہ کرونا وبا کی وجہ سے اُن کی آخری رسومات میں خاندان کے افراد اور قریبی دوست شریک ہوں گے۔ تاہم وبا ختم ہونے کے بعد اُن کی یاد میں تقریب منعقد کی جائے گی۔

فلمی شائقین نے سوشل میڈیا پر شون کونری کے اداکاری کے جوہر کی تعریف کی اور اپنے فن سے دنیا بھر کے لوگوں کو محظوظ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

حالیہ فلموں میں جیمز بانڈ کا کردار نبھانے والے ڈینئل کریگ کا کہنا ہے کہ سر شون کونری عظیم اداکار تھے۔

کریگ کے بقول کونری کو جیمز بانڈ کے کردار کی طرح ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ڈینئل کا مزید کہنا تھا کہ کونری فن کاروں اور فلم سازوں کو ہمیشہ متاثر کرتے رہیں گے۔

بھارت کے معروف میوزک ڈائریکٹر اے آر رحمان نے بھی شون کونری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اُنہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

جیمز بانڈ فلموں کے پروڈیوسرز مائیکل ولسن اور باربرا بروکولی کا کہنا ہے کہ کونری کی وفات کی خبر کے بعد وہ صدمے میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اصل جیمز بانڈ کے طور پر یاد رکھیں جائیں گے۔

رواں برس اگست میں کونری نے اپنی 90ویں سال گرہ منائی تھی۔ (فائل فوٹو)
رواں برس اگست میں کونری نے اپنی 90ویں سال گرہ منائی تھی۔ (فائل فوٹو)

شون کونری کے فلمی سفر میں ان کی پہلی اہم فلم ‘نو روڈ بیک’ تھی۔ جو کہ سن 1957 میں ریلیز ہوئی۔

شون کونری سن 1962 میں ریلیز ہونے والی جیمز بانڈ سیریز کی پہلی فلم ‘ڈاکٹر نو’ میں جلوہ گر ہوئے۔ جس کے بعد انہوں نے سیریز کی دیگر چھ فلموں میں اداکاری کی۔

کونری کو ان فلموں میں عالمی شہرت یافتہ افسانوی برطانوی سیکریٹ ایجنٹ 007 کا کردار نبھانے والا بہترین اداکار سمجھا جاتا تھا۔ ان کے علاوہ راجر مور نے بھی یہ کردار ادا کیا تھا۔

کونری نے جیمز بانڈ سیریز کی جن فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان میں 'ڈاکٹر نو'، 'فرام رشیا وِد لو'، 'گولڈ فنگر'، 'تھنڈر بال' بھی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG