رسائی کے لنکس

55 سال بعد جیمز بونڈ کی کار کی دوبارہ پروڈکشن شروع


برطانیہ کی لگژری اسپورٹس کاریں بنانے والی کمپنی آسٹن مارٹن 55 سال پرانے ایک ماڈل کی کار محدود تعداد میں دوبارہ بنارہی ہے۔ اس ماڈل کی خاص بات یہ ہے کہ وہ جیمز بونڈ کے زیر استعمال رہی ہے۔

جیمز بونڈ کی فلمیں جدید کاروں اور ان کے گیجٹس کی وجہ سے یادگار حیثیت اختیار کرجاتی ہیں۔ آسٹن مارٹن کی ڈی بی فائیو کار 1964ء میں اس سیریز کی دو فلموں گولڈفنگر اور تھنڈر بال میں استعمال کی گئی تھیں۔

فلم میں جیمز بونڈ کے زیر استعمال کار کو 2010 میں نیلامی کے لیے پیش کیا گیا تو 46 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی۔ گزشتہ سال ویسی ہی ایک اور کار 64 لاکھ ڈالر میں نیلام ہوئی۔

اس کار میں ایک مشین گن نصب تھی، ڈرائیور خطرے کی صورت میں لڑاکا جہاز کی طرح سیٹ کو ایجیکٹ کرسکتا تھا اور اسموک اسکرین کا آپشن بھی تھا۔ گھومنے والی نمبر پلیٹ، فون، اسلحے کی پوشیدہ پلیٹ، راڈار اسکرین اور کئی دوسری خصوصیات بھی تھیں۔

آسٹن مارٹن نے ڈی بی فائیو کار 1963 سے 1965 تک بنائی اور دنیا بھر میں صرف 900 کاریں فروخت کیں۔ یہ ماڈل نصف صدی گزرنے کے باوجود اب بھی اتنا مقبول ہے کہ گزشتہ سال آسٹن مارٹن نے مزید 25 کاریں بنانے کا اعلان کیا۔

تازہ خبر یہ ہے کہ پروڈکشن شروع کردی گئی ہے اور ان کاروں میں وہ تمام گیجٹس موجود ہوں گے جو جیمز بونڈ کو دستیاب تھے۔ انھیں کار کے اندر سے بھی آپریٹ کیا جا سکتا ہے اور ریموٹ کنٹرول کے ذریعے باہر سے بھی۔

کار کی تیاری میں ساڑھے چار ہزار گھنٹے صرف ہوں گے۔ تمام 25 کاروں پر اصلی ماڈل کی طرح سلور برچ رنگ کیا جائے گا اور وہ 4٫0 لٹر کا چھ سلنڈر والے انجن کی حامل ہوں گی۔ آسٹن مارٹن اس ماڈل کی تیاری میں ایون پروڈکشنز سے بھی مدد لے رہی ہے جو جیمز بونڈ کی فلمیں بناتی ہے۔ اس کار کو فلم میں شون کونری نے ڈرائیو کیا تھا۔

بیشتر کاریں پہلے ہی بک ہوچکی ہیں اور کسٹمرز کو اس سال کے دوسرے نصف میں فراہمی شروع ہوجائے گی۔ ایک کار کی قیمت صرف 34 ہزار ڈالر ہے۔

یہ دوسرا ماڈل ہے جسے آسٹن مارٹن نے ری پروڈیوس کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سے پہلے وہ 2017 میں ڈی بی فور ماڈل بھی دوبارہ بناچکی ہے۔

XS
SM
MD
LG