’لائن آف کنٹرول‘ پر فائرنگ کی اطلاعات پر، امریکی محکمہٴخارجہ نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کے مابین مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
پیر کے روز ہونے والی پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں، محکمہٴ خارجہ کی خاتون ترجمان، جین ساکی نے کہا کہ فائرنگ کے واقع پر، امریکہ کو ’تشویش ہے‘۔
خاتون ترجمان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت ضروری ہے، اور مذاکرات سے ہی مسائل کا حل نکلتا ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ کشمیر کےبارے میں امریکہ کی پالیسی ’تبدیل نہیں ہوئی‘۔
اِس سوال پر کہ کیا بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دو روزہ دورہٴ امریکہ میں پاکستان بھارت تعلقات پر کوئی بات ہوئی اور یہ کہ مسئلہ کشمیر کے حل کی کوئی صورت نکل سکتی ہے، ترجمان نے کہا کہ اُن کے پاس مزید تفصیل نہیں۔
تاہم، اُنھوں نے کہا کہ گفتگو کے دوران خطے کی صورت حال اور تعلقات ’بات چیت کا حصہ تھے‘۔