سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے جمعرات کے روز وزیر اعظم عمران خان سے اہم ملاقات کی، جس کے بعد جاری ہونے والے ایک اخباری بیان میں وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ’’تحریک انصاف اور اتحادی جماعتیں حزب اختلاف کی اس سیاسی چال کو مل کر ناکام بنائیں گی‘‘۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ’’سنجرانی صاحب، آپ ایوان اچھے انداز سے چلا رہے ہیں۔ گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ آپ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ہم سب مل کر ناکام بنائیں گے‘‘۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات کافی دیر تک جاری رہی، جس دوران اپوزیشن کی جانب سے پیش کردہ عدم اعتماد کی تحریک اور سیاسی صورت حال پر غور و خوض کیا گیا۔
ملاقات میں پرویز خٹک، اعظم سواتی اور شبلی فراز بھی موجود تھے۔
اس موقعے پر تحریک عدم اعتماد سے متعلق ’نمبر گیم‘ کو زیر غور لایا گیا، جب کہ سینیٹ میں قائد ایوان، شبلی فراز نے وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ’’پریشانی کی کوئی بات نہیں، تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی‘‘۔
انھوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ حزب مخالف محض ذاتیات پر اتر آئی ہے اور ملکی اداروں اور جمہوریت کی کوئی خدمت نہیں کی جا رہی ہے۔
بقول وزیر اعظم ’’مفاد پرست لوگ جمہوریت کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں؛جمہوریت کا راگ الاپنے والے بتائیں، چیئرمین سینیٹ کو ہٹانا کون سی جمہوری اقدار ہیں‘‘۔
حزب اختلاف نے صادق سنجرانی کے خلاف قرارداد جمع کرا دی ہے اور سینیٹ کے نئے چیئرمین کے لیے میر حاصل بزنجو کو امیدوار نامزد کیا ہے، جن کا تعلق بلوچستان نیشنل پارٹی سے ہے۔
وزیر اعظم نے صادق سنجرانی کو مشورہ دیا کہ وہ ڈٹ جائیں، اور یہ کہ ’’مفاد پرست ٹولہ اپنی کوششوں میں کامیاب نہیں ہوگا‘‘۔