امریکی صدارتی انتخابات کے ایک امیدوار سینیٹر برنی سینڈرز منگل کے روز سینے میں تکلیف اور دل کی ایک شریان بند ہونے کے سبب اسپتال میں داخل ہو گئے ہیں، جس کے بعد کچھ عرصے کے لیے ان کی انتخابی مہم معطل ہو گئی ہے۔
سینڈرز کی عمر 78 سال ہے۔ وہ 2020 کے انتخابات کی اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس کی ایک تقریب میں شریک تھے کہ انہیں سینے میں تکلیف محسوس ہوئی جس پر انہیں اسپتال لے جایا گیا۔
سینڈرز کے سینئر ایڈوائزر جیف ویور نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ طبی معائنے اور ٹیسٹوں سے پتا چلا کہ ان کی ایک شریان بند ہے جسے کھولنے کے لیے اس میں دو سٹنٹ ڈال دیے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اگلے چند روز تک آرام کریں گے جس کی وجہ سے اگلی اطلاع تک سینڈرز کی تمام تقریبات اور ان کی شرکت کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ہم اس سلسلے میں ضروری معلومات لوگوں تک پہنچاتے رہیں گے۔
سن 2020 کے صدارتی انتخابات کے لیے اس وقت 19 امیدوار میدان میں ہیں جن میں سینڈرز سب سے عمر رسیدہ ہیں۔ وہ بدھ کے روز لاس ویگاس میں ہتھیاروں سے تحفظ کے موضوع پر ایک تقریب میں شرکت کرنے والے تھے۔
سینڈرز کی انتخابی ٹیم نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کب تک اپنی مہم نہیں چلائیں گے۔
صدراتی انتخابات کی نامزدگی کے سلسلے میں پہلا مباحثہ تین فروری کو آئیوا میں ہو گا، جب کہ ڈیموکریٹ پارٹی کا ایک مباحثہ 15 اکتوبر کو اوہائیو میں ہونے والا ہے جس میں شرکت کرنے والے 12 امیدواروں میں سینڈرز کا نام بھی شامل ہے۔
سینڈرز 2016 کی صدارتی مہم میں امیدوار تھے، لیکن پارٹی کی جانب سے نامزدگی ہلری کلنٹن کو مل گئی تھی۔