رسائی کے لنکس

سلمان خان نئی فلم اور نئے چہرے کے ساتھ پھر شہ سرخیوں میں


بھارتی اداکار سلمان خان کترینہ کیف اور سوناکشی سنہا سمیت متعدد نئے چہروں کو بالی وڈ میں متعارف کراچکے ہیں۔

سوناکشی کو انہوں نے 2012 میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم 'دبنگ' میں متعارف کرایا تھا۔ اب سلمان دسمبر 2019 میں فلم 'دبنگ تھری' کی ریلیز کے ساتھ ایک اور نیا چہرہ متعارف کرانے جا رہے ہیں۔

یہ ہیں سائی منجریکر جو مہیش منجریکر کی بیٹی ہیں۔ 'دبنگ' سیریز کی پہلی فلم سے مہیش منجریکر کو بہت شہرت ملی تھی۔

مہیش کو فلم میں سلمان خان کا شدید مخالف دکھایا گیا تھا جب کہ سلمان خان اور مہیش دونوں نے پولیس افسران کا کردار ادا کیا تھا۔ فلم کے آخر میں مہیش، سلمان خان کے ہاتھوں مارے جاتے ہیں۔

سائی منجریکر سلمان خان اور سوناکشی کے ہمراہ
سائی منجریکر سلمان خان اور سوناکشی کے ہمراہ

سائی منجریکر سلمان خان کی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اپنی فلم کے لیے انہیں منتخب کیا۔

'دبنگ' کی تیسری سیکوئل فلم 'دبنگ تھری' کے نام سے رواں سال 20 دسمبر کو ریلیز ہوگی اور رواں ہفتے اس کا ٹریلر ریلیز کیا گیا ہے۔

اس فلم میں سلمان خان نے اپنی پہلی فلم کے کردار چلبل پانڈے کو دہرایا ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ چونکہ سیکوئل فلمیں پہلی فلم کے مقابلے میں زیادہ کامیاب ثابت نہیں ہوتیں اس لیے انہوں نے 'دبنگ تھری' میں پہلے سے زیادہ محنت کی ہے اور دل لگاکر کام کیا ہے۔

ٹریلر سے لگتا ہے کہ انسپکٹر چلبل پانڈے کے روپ میں سلمان خان نے دشمنوں کے خلاف مارا ماری تو کی ہی ہے، ساتھ ساتھ فلم دیکھنے والوں کو اپنے مکالموں سے ہنسانے کی بھی بھرپور کوشش کی ہے۔

سلمان، سوناکشی اور ارباز خان
سلمان، سوناکشی اور ارباز خان

فلم میں ایک مرتبہ پھر ان کی ہیروئن سوناکشی سنہا ہی ہیں جو پہلی فلم میں بھی ان کے ساتھ تھیں۔

فلم کو پربھودیو نے ڈائریکٹ کیا ہے جب کہ پروڈیوسر خود سلمان خان اور ان کے بھائی ارباز خان ہیں۔

سیریز کے تحت اب تک ریلیز ہونے والی دونوں فلمیں اپنی ریلیز کے چند دنوں میں ہی باکس آفس پر 100، 100 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی تھیں اور شاید اسی بنیاد پر تیسری فلم سے بھی اچھا بزنس ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

فلم ہندی کے علاوہ بھارت کی تین علاقائی زبانوں میں بھی ریلیز ہوگی۔

XS
SM
MD
LG