بالی ووڈ فلموں اور خاص طور پر 'بہاری بابو 'کے نام سے فلم انڈسٹری میں مشہور شتروگھن سنہا کی بیٹی سوناکشی سنہا اگلے آٹھ ماہ تک فلمی پردے پر بار بار دکھائی دیں گی۔ اس مدت میں ان کی مسلسل چار فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں۔
انڈو ایشین نیوز ایجنسی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں سوناکشی سنہا نے بتایا، ''ان چاروں فلموں میں ان کے کریکٹر بالکل مختلف ہیں، یعنی چار فلمیں، چار مختلف کردار۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ ''سب سے پہلے فلم 'کلنک' 17 اپریل کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ یہ فلم سن 1940 کے دور میں زندگی گزارنے والی ایک عورت کی کہانی پر مبنی ہے۔ دوسری فلم 'مشن منگل 'ہے جس میں میرا کردار ایک خاتون سائنس دان کا ہے۔ اس کے بعد ریلیز ہونے والی فلم کا ٹائٹل ابھی فائنل نہیں ہوا، لیکن اس میں میں ایک ایسی آزاد خیال لڑکی بنی ہوں جو سپنوں میں زندہ رہتی ہے اور اپنے خوابوں کی حقیقی زندگی میں تعبیر کے پیچھے بھاگتی ہے۔ ''
اس سال ریلیز ہونے والی ان کی چوتھی فلم 'دبنگ ' کا تیسرا سیکوئل ہے جس کے بارے میں وہ کہتی ہیں ''فلم کا کردار وہی 'رجو' والا ہے جس سے میں نے اپنا فلمی کیرئیر شروع کیا تھا اور جو لوگوں کو آج تک یاد ہے ۔ ''
سونا کشی اسی ایک کردار سے شہرت حاصل کر کے راتوں رات میگا اسٹار بنیں تھیں۔ اس فلم کا ایک سیکوئل آ چکا ہے، وہ بھی کامیاب رہا تھا، لیکن جو شہرت اور کامیابی پہلی فلم کو ملی تھی وہ سیکوئل کو نہ مل سکی۔
جمعرات کو ان کی نئی فلم 'کلنک ' ریلیز ہونے جا رہی ہے جسے ایک بڑی کاسٹ کی فلم کہا جارہا ہے۔ اس فلم کے مرکزی کرداروں میں سوناکشی کے ساتھ عالیہ بھٹ، ورون دھون، ادتیہ رائے کپور، مادھوری ڈکشت اور سنجے دت شامل ہیں۔