سلمان خان کی فلم 'تیرے نام' سے شہرت پانے والی بالی وڈ اداکارہ بھومیکا چاؤلہ اب تقریباً 20 برس بعد دوبارہ سلمان خان کی نئی فلم میں جلوہ گر ہونے جا رہی ہیں۔
سلمان خان کی فلم 'کسی کا بھائی کسی کی جان' 21 اپریل کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی جس میں ان کے ساتھ بھومیکا چاؤلہ اور پوجا ہیگدے مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔
اداکارہ بھومیکا چاؤلہ نے سن 2000 میں اپنے فلمی کریئر کا آغاز تیلگو فلم کے ذریعے کیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے سن 2003 میں فلم 'تیرے نام' کے ذریعے ہندی سنیما کے لیے ڈیبیو کیا اور اپنی پہلی ہی ہندی فلم سے انہیں خاصی شہرت ملی۔
'تیرے نام' کے بعد انہوں نے چند مزید ہندی فلموں میں کام کیا جن میں ابھیشیک بچن کے ساتھ فلم 'رن'، سلمان خان کے ساتھ 'دل نے جسے اپنا کہا'، امیتابھ بچن کے ساتھ 'دل جو بھی کہے' اور اکشے کمار کے ساتھ فلم 'فیملی' شامل ہیں۔
ان تمام فلموں میں بھومیکا کو وہ شہرت نہ ملی جو انہیں سلمان خان کے ساتھ 'تیرے نام' سے ملی تھی۔
بھارتی خبر رساں ادارے 'این ڈی ٹی وی' کے مطابق سن 2007 میں اداکارہ فلم 'گاندھی مائی فادر' میں نظر آئی تھیں اور اسی برس وہ رشتہ ازدواج میں بھی منسلک ہو گئی تھیں۔
بھومیکا نے سن 2008 میں پنجابی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اور فلم 'یاریاں' کے ذریعے ڈیبیو کیا تھا جس کے کچھ ماہ بعد ہی انہوں نے ملیالم فلم انڈسٹری میں بھی کام کا آغاز کیا۔ سن 2010 سے 2015 کے درمیان انہوں نے کئی ساؤتھ فلموں کے لیے کام کیا۔
انہوں نے بالی وڈ میں سن 2016 میں 'ایم ایس دھونی؛ دی ان ٹولڈ اسٹوری' کے ذریعے ہندی فلم نگری کی جانب دوبارہ کم بیک کیا تھا لیکن انہیں کوئی خاص پذیرائی نہ مل سکی۔
بعدازاں اداکارہ نے دوبارہ ساؤتھ فلم انڈسٹری کا رخ کیا۔ سن 2021 میں انہوں نے 'خاموشی' اور 'رولر' سمیت متعدد ساؤتھ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
سن 2022 میں وہ پھر ہندی فلموں میں نظر آئیں جن میں 'آپریشن رومیو' اور 'سیتا راما' شامل ہیں۔ اب اداکارہ سن 2023 میں 'کسی کا بھائی کسی کی جان' میں اداکاری کرنے کے علاوہ کنگنا رناوت کی فلم 'ایمرجنسی' میں بھی جلوہ گر ہوں گی۔