رسائی کے لنکس

روس میں انتخابات، حکمران جماعت کی مقبولیت میں کمی


روس میں انتخابات، حکمران جماعت کی مقبولیت میں کمی
روس میں انتخابات، حکمران جماعت کی مقبولیت میں کمی

حکمران جماعت 'یونائیٹڈ رشیا' پارٹی کو پارلیمان 450رکنی ایوانِ زیریں، ڈوما، میں 238نشستیں حاصل ہوئی ہیں جو پچھلے انتخابات سے 77کم ہیں

روس میں گزشتہ روز ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے مطابق حکمران جماعت کی مقبولیت میں حیرت انگیز طور پر واضح کمی آئی ہے جس کے نتیجے میں ملکی سیاسی افق پر گزشتہ 10 برسوں سے موجود وزیرِاعظم ولادی میر پیوٹن کو اپنی واضح اکثریت سے محروم ہونا پڑا ہے۔

انتخابات میں ڈالے گئے 96 فی صد ووٹوں کے گنتی مکمل ہوچکی ہے جس کے مطابق حکمران جماعت 'یونائیٹڈ رشیا' پارٹی کو پارلیمان کے 450 رکنی ایوانِ زیریں 'ڈوما' میں 238 نشستیں حاصل ہوئی ہیں ۔

اس سے قبل 2007ء میں ہونے والے گزشتہ انتخابات میں حکمران جماعت نے 315 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔

دریں اثنا یورپی تنظیم برائے سلامتی و تعاون 'او ایس سی ای' کے مبصرین نے انتخابی عمل کے دوران حکمران جماعت کو فائدہ پہنچانے کی غرض سے کی جانے والی قواعد و ضوابط کی کئی خلاف ورزیوں کی نشان دہی کی ہے۔

تنظیم نے انتخابی عمل شفاف نہ ہونے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹوں کی گنتی اور بیلٹ باکسوں کو بھرنے کے معاملے میں بھی بڑے پیمانے پر قواعد کی خلاف ورزیاں کی گئی ہیں۔

انتخابی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ 'یونائیٹڈ رشیا' پارٹی ایوانِ زیریں میں دو تہائی کی واضح اکثریت برقرار رکھنے میں ناکام رہی ہے جس کے نتیجے میں وزیرِاعظم پیوٹن کی جماعت کو ملکی آئین میں یک طرفہ طور پر ترامیم کے اختیار سے محروم ہونا پڑا ہے۔

انتخابات میں کمیونسٹوں، قوم پرست جماعت 'لبرل ڈیموکریٹس اور لبرل جماعت 'جسٹ رشیا' پارٹی نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ماضی کی نسبت زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں جس کے باعث جہاں ایک جانب وزیرِاعظم پیوٹن کی جماعت کو بعض معاملات پر ان میں سے کم از کم کسی ایک جماعت کے ساتھ ہاتھ ملانا پڑے گاوہیں اسے پارلیمان میں ایک مضبوط حزبِ اختلاف کا بھی سامنا ہوگا۔

کمیونسٹ پارٹی انتخابات میں ملک کی دوسری بڑی جماعت بن کر ابھری ہے جسے ایوان میں 92 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ 'جسٹ رشیا' نے 64 اور 'لبرل ڈیموکریٹس' نے 56 نشستیں حاصل کی ہیں۔

روس کے مرکزی الیکشن کمیشن کے مطابق 'یونائیٹڈ رشیا' پارٹی نے ڈالے گئے ووٹوں میں سے 5ء49 فی صد ووٹ حاصل کیے جو 2007ء میں اسے حاصل ہونے والے 64 فی صد ووٹوں سے بہت کم ہیں۔

کمیونسٹ پارٹی کو 20 فی صد ووٹ حاصل ہوئے جو گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں 12 فیصد زائد ہیں۔

XS
SM
MD
LG