روس نے پبلک ’وائی فائی نیٹ ورکس‘ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ انٹرنیٹ کنیکشن فراہم کرنے کی سہولت کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی شناخت کرائیں۔
اس اقدام کا اعلان جمعے کے روز کیا گیا، جس پر صارفین نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔
یہ تازہ ترین حکم نامہ اس سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کے تحت روس انٹرنیٹ پر کنٹرول کے نئے قوانین کو مزید سخت کر رہا ہے۔
باہمی رابطے کے ذرائع سے متعلق وزارت کا کہنا ہے کہ یہ فرمان ’مشترکہ رسائی کے پوائنٹس‘ پر لاگو ہوتا ہے۔
تاہم، یہ ابھی واضح نہیں آیا اس کا نفاذ ہوگا اور اِس سے کس نوعیت کے عام مقامات متاثر ہوں گے۔ روسی میڈیا کی فہرست میں کیفے اور پارکوں کی مثال دی گئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ ’وائی فائی‘ صارفین کو اپنے مکمل کوائف کے ساتھ ساتھ، اپنی شناخت بتانی ہوگی، مثلاً فون نمبر۔
روس میں ایک حالیہ قانون کے تحت ایسے بلاگرز جن کے ’فولووز‘ کی تعداد 3000سے زائد ہے، اُنھیں اپنے آپ کو حکومت کے پاس رجسٹر کرانا ہوگا، اور اُن کی حیثیت میڈیا اداروں کی سی ہوگی۔