رسائی کے لنکس

اگلے سال حج یا عمرہ کروں گی: روزی گیبریئل


اسلام قبول کرنے والی امریکی انسٹاگرام اسٹار روزی گیبریئل نے کہا ہے کہ وہ اگلے سال حج یا عمرہ کریں گی لیکن حجاب نہیں لیں گی کیونکہ یہ لازمی نہیں ہے۔

انسٹاگرام پر منگل کو اپنی نئی تصویر کے ساتھ طویل تحریر میں روزی گیبریئل نے لکھا کہ ’’میں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ اسلام قبول کرنے کا اعلان کروں گی تو کیسا ردعمل آئے گا۔ میں توجہ کا مرکز بننے پر بے حد حیران ہوں اور مجھے فون کالز اور پیغامات کے سیلاب کا سامنا ہے‘‘۔

بقول ان کے، ’’مجھے زندگی میں نئے راستے پر سفر کا آغاز کرنے پر جو محبت اور حمایت ملی ہے، اس کے لیے ازحد شکر گزار ہوں۔ جیسا کہ میں ماضی میں واضح کر چکی ہوں کہ خدا سے تعلق کی وجہ سے میں پہلے بھی خود کو مسلمان تصور کرتی تھی‘‘۔

لیکن، ’’اب یہ میرے لیے ایک نیا باب ہے۔ یوں کہ مجھے لاحق خوف اور درد غائب ہوگیا ہے اور اب میں اطاعت گزاری والی زندگی میں قطعی آزاد ہوں، تاکہ اپنے دل و دماغ کو انتہائی پرامن، شعوری اور درست راستے پر چلنے کے لیے وقف کر سکوں‘‘۔

انھوں نے کہا ہے کہ اسلام قبول کرنے سے لوگوں کو آگاہ کرنے کا مقصد ’’توجہ حاصل کرنا یا سوشل میڈیا پر فالوورز بڑھانا نہیں تھا‘‘۔

بقول ان کے ’’مجھے آسانی سے توجہ مل جاتی ہے اور میں اس سے بے سکون ہوتی ہوں۔ یہ دراصل توثیق اور اعلان تھا کہ میں خود کو قابل احتساب قرار دے رہی ہوں اور پوری دنیا اس کی گواہ رہے۔ دل میں محبت اور نیک نیتی کے ساتھ کہ اب میں مکمل طور پر اپنے بہترین روپ میں سامنے آنے کا وعدہ کرتی ہوں‘‘۔

مجھ سے بہت سے عام سوالات کیے جارہے ہیں جن کا میں پہلے سوشل میڈیا پر جواب دے چکی ہوں۔ وہ یہ ہیں:

کیا میں اپنا نام بدلوں گی؟ نہیں

کیا میرے اہل خانہ نے میرے فیصلے کو قبول کرلیا ہے؟ جی ہاں

کیا میں کسی فرقے کا انتخاب کروں گی؟ نہیں

کیا میں آپ سے شادی کروں گی؟ نہیں

کیا میں حج یا عمرہ کروں گی؟ جی ہاں، اگلے سال

کیا میں مستقل حجاب لوں گی؟ نہیں، یہ لازمی نہیں ہے

کیا میں موٹرسائیکل چلانا یا سفر کرنا چھوڑ دوں گی؟ قطعی نہیں

اگرچہ، پیغامات کی اکثریت پیار اور حمایت پر مبنی ہے۔ لیکن توقع کے مطابق، کچھ ناگوار ردعمل بھی آیا ہے۔ اس کا سبب خوف، لاعلمی اور برداشت کی کمی ہے۔

روزی گیبریئل کے بقول، ’’ہم انسان ان چیزوں سے خوف کھاتے ہیں، جن کے بارے میں سمجھ نہیں رکھتے‘‘۔

’’مجھے انسانیت کی آواز اور مثال اور لاعلمی کے خلا کا پل بننے کی اجازت دیں، تاکہ آپ حقیقی طور پر جان سکیں کہ اسلام کیا ہے اور سکون کی زندگی حاصل کریں۔ ان شا اللہ امن، قبولیت اور بہتر سمجھ کے لیے دل نرم ہوجائیں گے اور دماغ کھلیں گے۔ میں سب کے لیے روشنی کی کرن بنوں۔ آمین‘‘۔

XS
SM
MD
LG