رسائی کے لنکس

راجر کا عالمی ریکارڈ، آٹھویں مرتبہ ومبلڈن جیت گئے


ایک گھنٹہ چالیس منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں فتح کے ساتھ ہی 35 سالہ فیڈرر ومبلڈن کی تاریخ میںآٹھ مرتبہ یہ ٹائٹل جیتنے والے پہلے مرد اور عمر رسیدہ کھلاڑی بن گئے۔

سوئٹزر لینڈ کے ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے نیا عالمی ریکارڈ بنالیا، وہ آٹھویں مرتبہ ومبلڈن جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

اتوار کو انہوں نے کروشیا کے میرین سیلیک کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کرٹائٹل اپنے نام کیا۔

ومبلڈن ٹینس مینزکے فائنل میں ورلڈ نمبر5 راجر فیڈرر نے ورلڈ نمبر6 میرین سلیک کو چھ۔ تین، چھ ۔ایک اور چھ ۔چار سے شکست دی۔

ایک گھنٹہ چالیس منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں فتح کے ساتھ ہی 35 سالہ فیڈرر ومبلڈن کی تاریخ میںآٹھ مرتبہ یہ ٹائٹل جیتنے والے پہلے مرد اور عمر رسیدہ کھلاڑی بن گئے۔

کروشین کھلاڑی میچ کے دوران ایک موقع پر سلپ ہوگئے جس کے باعث انہیں تیسرے سیٹ کے آغاز سے قبل میڈیکل ٹائم آؤٹ بھی لینا پڑا۔

شکست کے بعد سیلیک انتہائی افسردہ نظر آئے اور ان کی آنکھیں بھی بھر آئیں۔

راجر فیڈرر نے سیمی فائنل میںچیک ری پبلک کے ٹامس برڈک کوسات۔چھ، سات۔ چھ اور چھ۔ چار شکست دے کر 11 ویں مرتبہ سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

میچ جیتنے کے بعد فیڈرر کا کہنا تھا ’ ومبلڈن کا ایک اور فائنل کھیلنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ مجھے معلوم نہیں تھا کہ ہر بار جب یہاں آؤں گا تو بہترین ہو گا، خود کو بہت اچھا محسوس کیا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ایک بھی سیٹ نہ ہارنا ایک سحر کی طرح ہے۔ مجھے ابھی تک یقین نہیں آیا۔ یہ واقعی بڑی کامیابی ہے۔

راجر فیڈرر نے پہلی مرتبہ جبکہ کسی بھی کھلاڑی نے 1976میں جورن بورگ کے بعد دوسری مرتبہ بغیر کوئی سیٹ گنوائے ومبلڈن ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔

فیڈرر نے پہلی مرتبہ 2003ء میں ومبلڈن ٹائٹل جیتا تھا، جب ان کی عمر 23 سال تھی۔

اس کے بعد 2004 سے 2007ء تک مسلسل انہوں نے ہی یہ ٹائٹل اپنے نام کیا ۔سن 2008ء میں یہ ٹائٹل ان کے نام نہ ہوسکا تاہم سن 2009 اور 2012 کے بعد اب2017 میں بھی فاتح فیڈرر ہی رہے۔

XS
SM
MD
LG