اسلام آباد —
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع لیہ میں سڑک کے ایک حادثہ میں کم ازکم 10 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ بدھ کی صبح کروڑ لال عیسن قصبے کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر بس ایک ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی۔
پولیس اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو قریبی اسپتال متنقل کیا جب کہ بعض شدید زخمی افراد کو ملتان کے نشتر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
مسافر بس کراچی سے راولپنڈی جارہی تھی۔ ہلاک و زخمی ہونے والوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔
پاکستان میں ہر سال ٹریفک حادثات میں ہزاروں افراد موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ان حادثات کی عمومی وجہ سڑکوں کی خراب حالت، گاڑیوں کی نامناسب دیکھ بھال اور غیر محتاط ڈرائیونگ بتائی جاتی ہیں۔