رسائی کے لنکس

امریکہ: ریپبلکنز نے کانگریس کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا


ریپبلکنز کے دونوں ایوانوں کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد یہ باز گشت بھی سنائی دے رہی ہے کہ اب صدر اوباما کی جانب سے شروع کیے گئے بہت سے اقدامات کو ریپبلکنز کی جانب سے بند کرنے یا انہیں روکنے کی کوشش کی جا سکتی ہے

کانگریس میں اب امریکی حزب ِاختلاف کی جماعت ریپبلکنز کو دونوں ایوانوں میں برتری حاصل ہوگئی ہے اور ریپبلکنز نے ایوان ِنمائندگان کے ساتھ ساتھ سینیٹ کا بھی کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

موسم ِسرما کی تعطیلات کے بعد امریکی کانگریس کا اجلاس منگل کے روز بلایا گیا تھا۔

ریپبلکنز کے دونوں ایوانوں کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد یہ بازگشت بھی سنائی دے رہی ہے کہ اب صدر اوباما کی جانب سے شروع کیے گئے بہت سے اقدامات کو ریپبلکنز کی جانب سے بند کرنے یا انہیں روکنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔

امریکی اپوزیشن جماعت ریپبلکنز نے گذشتہ برس نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں نمایاں کامیابی کے بعد امریکی کانگریس کا کنٹرول اگلے دو برسوں کے لیے حاصل کیا ہے۔ ایوان ِنمائندگان کی 435 سیٹوں میں سے اب ریپبلکن جماعت کو 246 سیٹوں کے ساتھ برتری حاصل ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ 70 برسوں میں یہ ریپبلکن کی کانگریس میں سب سے زیادہ اکثریت ہے۔ امریکی سینیٹ میں ریپبلکن جماعت کو 100 میں سے 55 سیٹوں سے سبقت حاصل ہے۔

سینیٹ میں اکثریت کے قائد، مچ میکونل نے اتوار کے روز سی این این سے گفتگو میں کہا کہ سینیٹ کے لیے پہلا بڑا کام ’سٹون آئل پائپ لائن‘ کی منظوری کا ہوگا۔

اس بل کے حامیوں (ریپبلکنز) کا خیال ہے کہ اس بل کو منظور کرنے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، اور امریکہ کو توانائی کے ضمن میں خود مختاری ملے گی جبکہ دوسری طرف حکومتی جماعت ڈیموکریٹس کا کہنا ہے کہ اس بل کے پاس ہونے سے ماحولیات کو نقصان پہنچے گا اور یہ کہ روزگار کے چند مواقع ضرور ملیں گے مگر یہ عارضی ثابت ہوگا۔

دونوں ایوانوں میں موجود ریپبلکنز صدر اوباما کی جانب سے صحت ِعامہ سے متعلق اوباما کیئر بل اور امیگریشن سے متعلق قانون کے خلاف بھی مزاحمت کریں گے۔

دوسری طرف، صدر اوباما پہلے ہی اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ اگر ریپبلکنز نے بل کی منظوری میں رخنہ ڈالا تو وہ اپنا ’ویٹو‘ کا صدارتی اختیار استعمال کریں گے۔

سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ گو کہ اس وقت دونوں ایوانوں میں ریپبلکنز کو اکثریت حاصل ہے، مگر اس کے باوجود، شاید وہ صدر اوباما کے ’ویٹو‘ کے فیصلے کو روکنے یا ختم کرنے کے لیے درکار مطلوبہ ووٹ حاصل نہ کر سکیں۔

XS
SM
MD
LG