رسائی کے لنکس

عمران خان کی دوسری شادی، افواہیں اور وضاحتیں


عمران خان نے اگست میں دھرنے کے شرکا سے خطاب میں کہا تھا کہ وہ دوسری شادی کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا یہ کہنا تھا کہ تب سے اب تک اس خبر کو ہاٹ نیوز کے طور پر لیا جا رہا ہے

عمران خان کو اپنی دوسری شادی کی اتنی فکر نہیں جتنی شاید دوسروں کو ہے۔ اسی لئے جب بھی ان کی شادی سے متعلق کوئی خبر آتی ہے۔۔ دیکھتے دیکھتے، اس کے چرچے عام ہوجاتے ہیں۔

یہی صورتحال پچھلے دو دنوں سے جاری ہے۔ پاکستان کے تمام ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ جو خبر چٹخارے لے کر پڑھی جا رہی ہے وہ عمران خان کی دوسری شادی سے متعلق ہے۔

عمران خان نے اگست میں دھرنے کے شرکا سے خطاب میں کہا تھا کہ وہ دوسری شادی کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا یہ کہنا تھا کہ تب سے اب تک اس خبر کو ہاٹ نیوز کے طور پر لیا جا رہا ہے۔

ان خبروں میں تیزی اس وقت آئی جب دسمبر کے آخری یوم میں ایک برطانوی اخبار ’ڈیلی میل‘ نے یہ خبر شائع کردی کہ عمران خان سابق برطانوی ٹی وی نیوز اینکر ریحام خان سے خفیہ شادی کرچکے ہیں۔

خبر کا آنا تھا کہ گویا سب کو اس کے علاوہ کہیں اور دلچسپی نظر ہی نہیں آئی۔

اس ’شادی‘ کے چرچے اتنے بڑھے کہ جمعرات کو باقاعدہ طور پر ناصرف عمران خان کو ٹوئیٹر پر اس کی وضاحت یہ کہہ کر کرنا پڑی کہ عمران خان نے ٹوئٹ کیا کہ ان کی شادی کی خبریں بڑھا چڑھا کر پیش کی جا رہی ہیں۔

ادھر ان کی بہن علیمہ خان اور خود ریحام خان کو بھی ان خبروں کی سختی سے تردید کرنا پڑی۔

پاکستان کے نجی ٹی وی چینل ’جیو نیوز‘ کے مطابق، 41 سالہ، طلاق یافتہ اور تین بچوں کی ماں ریحام خان لیبیا میں پیدا ہوئیں اور اپنی زندگی کا بیشتر حصہ برطانیہ میں گزارا جہاں وہ کچھ عرصہ بی بی سی کے ساتھ بھی منسلک رہیں۔ پچھلے چند سالوں سے ریحام پاکستان میں ہیں اور صحافت کے شعبے سے وابستہ ہیں۔

ناجانے عمران خان کی شادی کی خبر میں ایسی کیا خاص بات ہے کہ برطانوی اخبار کی رپورٹ سے پہلے بھی مختلف حلقوں میں اس شادی کی افواہیں گردش کرتی رہی ہیں، جبکہ اس کا ذکر کچھ سینئر اینکرز بھی کر چکے ہیں۔

عمران خان نے جمعرات کو ایک وضاحتی بیان بھی جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے تمام کارکنوں کے سامنے دوسری شادی کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ لیکن، ابھی مجھے مناسب وقت کا انتظار ہے۔ سانحہ پشاور کی وجہ سے قوم سوگ کی حالت میں ہے، بہتر ہوگا کہ ہم سب مناسب وقت کا انتظار کریں۔

عمران خان نے کہا کہ دوسری شادی کا معاملہ اولاد کی وجہ سے حساس ہوتا ہے۔

عمران خان نے پہلی شادی برطانوی تاجر جیمز گولڈاسمتھ کی بیٹی جمائما گولڈ اسمتھ سے کی تھی جو نو سال برقرار رہنے کے بعد 2004 میں ٹوٹ گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG