عالمی شہرت یافتہ سابق کرکٹر اور تحریک اںصاف کے سربراہ عمران خان کی مطلقہ بیوی جمائما خان نے اپنا نام تبدیل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
وہ اب اپنے نام کے ساتھ سابقہ شوہر عمران خان کا سرنیم 'خان' استعمال نہیں کریں گی۔
برطانوی اخبار 'ڈیلی میل' کے مطابق لندن کے معروف سرمایہ دار آنجہانی سر جیمز گولڈ اسمتھ کی صاحبزادی جمائما خان نے عمران خان سے طلاق کے 10 برس بعد بالآخر ہچکچاتے ہوئے اس بات کا عندیہ دیا ہے عمران خان کا دیا ہوا نام شاید اب مزید ان کی پہچان نہ رہے۔
چالیس سالہ جمائما خان نے کہا ہے کہ ان کے سابق شوہر عمران خان نے حال ہی میں دوبارہ شادی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ ان کے بقول اس اعلان نے مجھے یہ سوچنے پر مجبور کیا کہ وقت آگیا ہے کہ مجھے اپنا نام جمائما خان سے تبدیل کرکے ایک بار پھر سے جمائما گولڈ اسمتھ بن جانا چاہیے۔
جمائما خان نے برطانوی جریدے 'اسٹیٹس مین' میں شائع ہونے والے اپنے ایک مضمون میں لکھا ہے کہ "خان" اور میرے نام کا ساتھ اتنا ہی پرانا ہے جتنا پرانا ساتھ جمائما اور گولڈ اسمتھ کا ہے۔
انہوں نے لکھا میرے والد کا آخری نام گولڈ اسمتھ میں شادی سے پہلے 21 برس تک استعمال کرتی رہی ہوں۔ مجھے اپنا نام جمائما خان بھی بہت پسند ہے کیونکہ یہ نام میری دوہری شناخت کی نمائندگی کرتا ہے۔
وہ لکھتی ہیں کہ یہ نام میرے ساتھ اب تک اس لیے بھی تھا کیونکہ میرے بچوں کی نسبت اسی نام کے ساتھ ہے۔ میرے دونوں بیٹے سیلمان خان اور قاسم خان اس نام کے ساتھ گہرا لگاؤ رکھتے ہیں۔ لیکن اب جبکہ وہ بڑے ہوگئے ہیں مجھے نہیں لگتا کہ میرے نام کی تبدیلی انھیں زیادہ متاثر کرے گی۔
'ڈیلی میل' کے مطابق جمائما اپنے نام کی تبدیلی کے بارے میں اس لیے بھی ہچکچاہٹ کا شکار ہیں کیونکہ ان کے چھوٹے بھائی بین گولڈ اسمتھ نے حال ہی میں ایک برطانوی ماڈل جمائما جونز سے منگنی کر لی ہے جس کے بعد ایک ہی خاندان میں دو خواتین کو جمائما کے نام سے پکارا جائے گا۔
جمائما لکھتی ہیں کہ انھیں یہ بات پسند نہیں کہ لوگ انھیں بڑی جمائما یا پھر اولڈ جمائما گولڈ اسمتھ کہہ کر مخاطب کریں۔
اخبار لکھتا ہے کہ عمران خان پاکستانی سیاست میں زور شور سے حصہ لے رہے ہیں۔ جمائما کو یہ نام عمران خان سے ملا ہے جو اب تک غیر شادی شدہ ہیں اور طلاق کے بعد سے اب تک اکیلے ہیں۔
لیکن ان کی سابقہ اہلیہ جمائما کی زندگی میں برطانوی کامیڈین اداکار رسل برانڈ کافی اہم رہے ہیں جن کے ساتھ جمائما کی منگنی کی خبریں بھی گردش کرتی رہی ہیں۔ لیکن دونوں کی ایک سالہ دوستی گزشتہ مہینے ختم ہو گئی ہے۔
اکیس سالہ برطانوی شہری جمائما گولڈ اسمتھ اور پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر عمران خان 1995ء میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ یہ ایک محبت کی شادی تھی جس میں لڑکی کا تعلق یہودی گھرانے سے تھا۔ لیکن عمران خان سے شادی سے چند ماہ پہلے جمائما نے اسلام قبول کرلیا تھا۔
عمران خان اور جمائما خان کی شادی پیرس میں روایتی اسلامی طریقے کے مطابق ہوئی تھی۔ شادی کے بعد جمائما خان نہ صرف پاکستان منتقل ہوگئی تھیں بلکہ انھوں نے اردو بولنا بھی سیکھا۔ وہ پاکستانی لباس پہنا کرتی تھیں اور اپنے شوہر کی جماعت 'تحریک انصاف' کے کاموں میں ان کی معاونت کرتی رہیں۔ جمائما اور آنجہانی لیڈی ڈیانا کے درمیان گہری دوستی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ شہزادی ڈیانا ان سے ملنے لاہور بھی آئی تھیں۔
عمران خان اور جمائما خان نے شادی کا بندھن نو برس تک نبھانے کے بعد 2004ء میں باہمی رضا مندی کے ساتھ علحیدگی کا فیصلہ کیا اور تحریک انصاف کی جانب سے باضابطہ طور پر جمائما اور عمران خان کی طلاق کی خبر کا اعلان کیا گیا۔ طلاق کے بعد جمائما اپنے دونوں بیٹوں کے ہمراہ واپس لندن آگئی تھیں۔
شادی کی ناکامی کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ دونوں کے لیے انتہائی افسوسناک تھا۔ تاہم طلاق کی وجہ کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے تسلیم کیا تھا کہ ایک طرف ان کا گھر اور مستقبل پاکستان میں ہے تو دوسری جانب جمائما نے پاکستان میں رہنے اور یہاں کے ماحول کو اپنانے کی بہت کوشش کی لیکن میری سیاسی زندگی نے ان کی سکونت کو دشوار بنادیا تھا۔