رسائی کے لنکس

آئی سی سی رینکنگ، افغانستان کے راشد خان نمبر ون آل راؤنڈر


راشد خان۔ فائل فوٹو
راشد خان۔ فائل فوٹو

افغانستان کے آل راؤنڈر راشد خان نے بنگلادیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن کو پیچھے دھکیلتے ہوئے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی جبکہ بولرز میں بھی وہ بھارت کے جسپریت بومرہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔

آئی سی سی کی تازہ رینکنگ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ایشیا ءکپ کے دوران شاندار کارکردگی کے بعد اوپنر روہیت شرما دو درجے بہتری کے بعد بیٹنگ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ بھارتی لیفٹ آرم اسپنر کلدیپ یادیو اپنے کیریئر کی بہترین رینکنگ پوزیشن نمبر 3 پر براجمان ہیں۔

روہت شرما نے ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن سنبھالتے ہوئے بھارتی بیٹسمین ویراٹ کوہلی کی غیر موجودگی میں ایشیاء کپ کے دوران ٹیم کی قیادت کے فرائض سرانجام دیئے اور اپنی ٹیم کو ساتویں مرتبہ ایشین چیمپئن بنوایا۔

روہیت شرما نے ایشیاء کپ کی پانچ اننگز میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے 105 اعشاریہ 66 کی اوسط سے 317رنز بنائے تھے۔

بھارت کے کلدیپ یادیو ایشیاء کپ میں افغانستان کے راشد خان اور بنگلادیش کے مستفیض الرحمان کے ساتھ 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر رہے۔

ایشیاء کپ میں افغان اسپنر راشد خان نے 43 اعشاریہ 50 کی اوسط اور 142 اعشاریہ 62 اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 87 رنز بنائے جبکہ 3 اعشاریہ 72 کے اکانومی ریٹ سے بولنگ کی۔

روہیت شرما کے اوپننگ پارٹنر اور ایشیاء کپ کے مین آف دی ٹورنامنٹ شیکھر دھون نے ٹورنامنٹ کی پانچ اننگز میں سب سے زیادہ 342 رنز اسکور کیے جس میں دو سنچریاں بھی شامل ہیں۔

اس شاندار پرفارمنس کا انعام اُنہیں ون ڈے رینکنگ میں بہتری کی صورت میں ملا۔ وہ چار درجے چھلانگ لگا کر بیٹسمینوں کی رینکنگ میں پانچویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بومرہ بولرز کی رینکنگ میں بدستور پہلی پوزیشن پر ہیں، وہ آٹھ وکٹوں کے ساتھ ایشیا ءکپ میں چوتھے سب سے زیادہ وکٹیں لینے بولر رہے۔

بیٹسمینوں کی رینکنگ
بیٹسمینوں کی رینکنگ میں بھارت کے ویراٹ کوہلی بدستور پہلی پوزیشن پر قبضہ کیے بیٹھے ہیں۔ بھارت ہی کے روہت شرما دوسرے، انگلینڈ کے جو روٹ تیسرے، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر چوتھے، بھارت کے شیکھر دھون پانچویں، پاکستان کے بابر اعظم چھٹے، نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر ساتویں، جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کوک آٹھویں، نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن نویں اور انگلینڈ کے جونی بریسٹو دسویں نمبر پر ہیں۔

بولرز کی رینکنگ
بولرز کی رینکنگ میں بھی بھارتی بولرز کو برتری حاصل ہے۔ پہلی اور تیسری پوزیشن پر بالترتیب جسپریت بومرہ اور کلدیپ یادیو براجمان ہیں۔ افغانستان کے راشد خان دوسرے، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ چوتھے، آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ پانچویں، پاکستان کے حسن علی چھٹے، انگلینڈ کے عادل رشید ساتویں، افغانستان کے مجیب زدران آٹھویں، جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادا نویں اور جنوبی افریقہ ہی کے عمران طاہر دسویں نمبر پر ہیں۔

آل راؤنڈرز کی رینکنگ
آل راؤنڈرز میں افغانستان کے اسپنر راشد خان پہلے نمبر پر ہیں جبکہ بنگلادیش کے شکیب الحسن دوسرے، افغانستان کے محمد نبی تیسرے، نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر چوتھے، پاکستان کے محمد حفیظ پانچویں، انگلینڈکے معین علی چھٹے، سری لنکا کے اینجلو میتھیوز ساتویں، انگلینڈ کے کرس ووکس آٹھویں، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر نویں اور آسٹریلیا کے مچل مارش دسویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔

ٹیموں کی پوزیشن
اگر ٹیموں کی رینکنگ کی بات کی جائے تو انگلینڈ پہلے، بھارت دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے، جنوبی افریقہ چوتھے اور پاکستان پانچویں نمبر پر ہے جبکہ آسٹریلیا کی چھٹی، بنگلادیش کی ساتویں، سری لنکا کی آٹھویں، ویسٹ انڈیز کی نویں اور افغانستان کی دسویں پوزیشن ہے۔

پاکستانی کھلاڑی
پاکستانی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بھی بہتری آئی ہے۔ اوپنر امام الحق 15 درجے اوپر آ کر اپنے کیریئر کی بہترین 27 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ شعیب ملک 27 درجے آگے بڑھ کر 42 ویں نمبر پر ہیں، جبکہ فخرزمان نے اپنی 19 ویں پوزیشن کو برقرار رکھا ہے۔

XS
SM
MD
LG