رسائی کے لنکس

ایپل کا نایاب کمپیوٹر ساڑھے 17 لاکھ ڈالر میں برائے فروخت


ایپل کا نایاب کمپیوٹر جس کے ساڑھے 17 لاکھ ڈالر طلب کیے جا رہے ہیں۔
ایپل کا نایاب کمپیوٹر جس کے ساڑھے 17 لاکھ ڈالر طلب کیے جا رہے ہیں۔

خرید و فروخت کی ایک آن لائن ویب سائٹeBay پر ایپل کا ایک کمپیوٹر ساڑھے 17 لاکھ ڈالر میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ فروخت کرنے والے کا دعویٰ ہے کہ یہ ان ابتدائی کمپیوٹروں میں شامل ہیں جسے اسٹیو جابز نے اپنے ہاتھوں سے بنایا تھا۔

یہ ایپل ون کمپیوٹر ہے جسے لکڑی کے ایک باکس میں فٹ کیا گیا ہے اور اس میں سونی کا مانیٹر لگایا گیا ہے۔

ویب سائٹ پر کمپیوٹر کے متعلق بتایا گیا ہے کہ یہ اس ابتدائی ماڈل کے ان چھ کمپیوٹروں میں شامل ہے جو اب باقی رہ گئے ہیں۔

کمپیوٹر کے مالک کا کہنا ہے کہ وہ اس کمپیوٹر کا پہلا خریدار نہیں ہے، بلکہ اس نے یہ کسی اور سے خریدا تھا اور یہ بالکل صحیح حالت میں ہے۔ کمپیوٹر کا مینوئل اور دوسری تمام چیزیں بھی اس کے ساتھ موجود ہیں۔

اتنی زیادہ قیمت پر ایک کمپیوٹر فروخت کرنے کا یہ واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل اسی ماڈل کا ایک کمپیوٹر 2016 میں 8 لاکھ 15 ہزار ڈاالر میں فروخت ہو چکا ہے۔

ای بے کی ویب سائٹ پر کمپیوٹر فروخت کے لیے رکھا گیا ہے۔
ای بے کی ویب سائٹ پر کمپیوٹر فروخت کے لیے رکھا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمپیوٹر کے ساتھ اس کا انٹر فیس اور گائیڈز موجود ہیں۔ اس پر کمپیوٹر کی بنیادی زبان، ایک گیم اور میموری اور 30 ویں سالگرہ کی ویڈیو اور کئی دوسری چیزیں بھی انسٹال ہیں۔

کمپیوٹر کے مالک کا کہنا ہے کہ قیمت زیادہ ہونے کی ایک وجہ یہ ہے کہ یہ ان چھ کمپیوٹروں میں سے ایک ہے جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ باقی بچے ہیں اور وہ بھی زیادہ تر اب عجائب گھروں میں رکھے ہیں۔

ای بے کی ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کمپیوٹر کی فروخت حتمی ہو گی اور اسے واپس نہیں کیا جا سکے گا۔ دوسرا یہ کہ خریدار تک کمپیوٹر پہنچانے کے لیے 100 ڈالر الگ سے ڈاک خرچ لیا جائے گا۔

دیکھنا یہ ہے کہ ساڑھے 17 لاکھ ڈالر میں یہ نایاب کمپیوٹر فروخت بھی ہو سکے گا یا نہیں۔ اگر اس کا کوئی خریدار ملا تو کیا وہ نوادرات میں دلچسپی رکھنے والا کوئی شخص ہو گا، کوئی عجائب گھر ہو گا یا پھر کوئی آکشن ہاؤس ہو گا۔

XS
SM
MD
LG