رسائی کے لنکس

ایران: ورلڈ کپ میں ویلز پر جیت کی خوشی میں 700 قیدی رہا


قطر کے ورلڈکپ میں ایک ایرانی خاتون اپنا بازو لہرارہی ہے جس پر عورت ، زندگی اورآزادی کا نعرہ درج ہے۔ فوٹو رائٹرز
قطر کے ورلڈکپ میں ایک ایرانی خاتون اپنا بازو لہرارہی ہے جس پر عورت ، زندگی اورآزادی کا نعرہ درج ہے۔ فوٹو رائٹرز

ایرانی عدلیہ کی آن لائن ویب سائٹ میزان نے پیر کو بتایا کہ ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں ویلز کے خلاف ایران کی ٹیم کی فتح کی خوشی میں 700 سے زیادہ قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔

عدلیہ کے اعلان میں بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز ویلز کے ساتھ مقابلے میں صفر کے مقابلے میں دو گول سےفتح کے بعد ’709 قیدیوں کو ملک کی مختلف جیلوں سے رہا کر دیا گیاہے‘۔

میزان نے ان مظاہروں کا براہ راست حوالہ دینے سے گریز کیا جنہوں نے دو ماہ سے زیادہ عرصے سے ایران کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ان مظاہروں کے بارے میں تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ 1979 کے انقلاب کے بعد سے یہ ایران کی اسلام پسند قیادت کے لیے سب سے بڑا چیلنج بنے ہوئے ہیں۔

ایرنی عدلیہ کی ویب سائٹ نےاس بارے میں مزید کوئی وضاحت نہیں کی۔

ان مظاہروں کا آغاز 16 ستمبر کو 22 سالہ مہسا امینی کی مبینہ طور پر حراست میں ہلاکت کے بعد ہوا تھا۔

قیدیوں کی حالیہ رہائیوں کے سلسلے میں ایرانی میڈیا نے بتایا ہے کہ ممتاز ایرانی اداکار ہ ہنگامہ غازیانی کو بھی ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے جنہیں مظاہرین کے حق میں بیان دینے پر پکڑا گیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق، مظاہروں کے دوران حراست میں لی جانے والی دو اور اہم شخصیات سابق بین الاقوامی فٹ بالر ووریا غفوری اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکن حسین رونانقی کو بھی ضمانت پر رہائی مل گئی ہے۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے پیر کو خبر دی کہ سرکاری ٹیلی ویژن کے سابق میزبان 63 سالہ محمود شہریاری کو بھی، جن پر ’فسادات کی حوصلہ افزائی‘کے جرم کے ارتکاب الزام لگا کر جیل بھیج دیا گیا تھا،دو ماہ قید میں رکھنے کے بعد رہا کر دیا گیا ہے۔

ایران میں قیدیوں کو یہ رہائیاں ویلز پر ایرانی فٹ بال ٹیم کی جیت کی خوشی میں عمل میں آئی ہیں۔ جب کہ اس سے قبل ایران انگلیڈ کے خلاف اپنا پہلا میچ دو کے مقابلے میں چھ گول سے ہار کیا تھا۔

ایرانی عدلیہ کا کہنا ہے کہ مظاہرے شروع ہونے کے بعد سے اب تک 2000 سے زیادہ افراد پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر تورک نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ ایران میں جاری مظاہروں کے دوران اب تک تقریباً 14,000 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اس رپورٹ کے لیے کچھ معلومات اے ایف پی سے حاصل کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG