رسائی کے لنکس

فیفا ورلڈ کپ: جرمن فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کے احتجاج کا انوکھا انداز


میچ سے قبل گروپ فوٹو میں جرمن ٹیم نے منہ ڈھانپ لیا تھا۔
میچ سے قبل گروپ فوٹو میں جرمن ٹیم نے منہ ڈھانپ لیا تھا۔

قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں جرمنی کی ٹیم نے اپنے پہلے میچ سے قبل فوٹو سیشن کے دوران بطور احتجاج منہ کو ہاتھ سے ڈھانپ کر تصاویر بنوائیں۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق بدھ کو جرمنی کا اپنے پہلے میچ میں جاپان سے مقابلہ تھا اور اس میچ کے آغاز پر دونوں ٹیموں کے گروپ فوٹو ہوئے۔ اس موقع پر جرمن کھلاڑیوں نے آفیشلز کی جانب سے عائد کردہ بعض پابندیوں کے خلاف بطور احتجاج منہ پر ہاتھ رکھ کر تصاویر بنوائیں۔

فیفا نے ہم جنس پرستوں کی حمایت میں کھلاڑیوں کے بازو پر پہنے جانے والے قوس و قزاح کے رنگ کے بینڈ باندھنےپر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

یورپ سے تعلق رکھنے والے سات ممالک کی فٹ بال ٹیموں کے کپتان یہ منصوبہ بندی کر چکے تھے کہ وہ قطر میں ورلڈ کپ کے دوران امتیاز کے خلاف سمجھے جانے والے 'رینبو' بینڈ کو بازو پر پہنیں گے۔جب یہ بات سامنے آئی کہ ان کے خلاف انضباطی کارروائی ہو سکتی ہے تو اس پر کپتان اپنا فیصلہ واپس لینے پر مجبور ہوئے۔

فیفاآفیشلز کی جانب سے ممکنہ طور پر ایسا کرنے والے کپتان کو یلو کارڈ بھی دکھایا جا سکتا تھا۔

’اے ایف پی‘ کے مطابق قوس و قزاح کے رنگوں کے بازو پر پہنے جانے والے بینڈ کو قطر میں لاگو قوانین کے خلاف ایک مزاحمت کی علامت کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔

دیگر مسلم اکثریتی ممالک کی طرح قطر میں بھی ہم جنس پرستی پر پابندی عائد ہے۔

جرمن فٹ بال ٹیم کی تصویر سامنے آنے کے بعد جرمن فٹ بال فیڈریشن نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ "انسانی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔"

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ کسی قسم کی سیاسی حکمتِ عملی نہیں، بازو پر پہنے جانے والے بینڈ پر پابندی کا مطلب ایسا ہی ہے جس طرح اظہارِ رائے پر پابندی عائد کرنا ہے۔

جرمنی اور جاپان کا میچ دیکھنے کے لیے فیفا کے صدر جانی انفنتینو اور جرمنی کی وزیر داخلہ نینسی فیزر بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔ اس میچ میں جاپان نے جرمنی کو دو کے مقابلے میں ایک گول سے اپ سیٹ شکست دی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہونے سے قبل جرمنی کی حکومت کے ایک ترجمان نے برلن میں ایک بیان میں کہا تھا کہ فیفا کی جانب سے بازو پر پہنے جانے والے ’ون لو‘ بینڈ پر پابندی انتہائی افسوس ناک اقدام ہے۔ ہم جنس پرست افراد کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

جرمن وزیرِداخلہ نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ ’ون لو بینڈ‘ پہن کر میچ دیکھ رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فیفا کی جانب سے عائد کی گئی پابندی ایک بہت بڑی غلطی ہے۔

قطر میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا مزید کہنا تھا کہ نہ صرف کھلاڑیوں کو بلکہ میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کو ہم جنس پرست افراد کی حمایت میں آزادانہ طور پر علامات کا اظہار کرنا چاہیے۔

ورلڈ کپ میں سیکیورٹی پر مامور عملہ شائقین کو متنبہ کر رہا ہے کہ وہ ایسی علامات زیب تن نہ کریں جس میں رینبو کلرز موجود ہوں۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق بیلجیئم اور کینیڈا کے درمیان میچ میں بیلجیئم کی وزیرِ خارجہ حجا لبیب بھی گراؤنڈ میں میچ دیکھنے کے لیے موجود تھیں اور انہوں نے بھی اپنے بازو پر 'ون لو' بینڈ پہنا ہوا تھا۔

اس میچ میں بیلجیئم نے کینیڈا کو ایک صفر سے شکست دی۔

XS
SM
MD
LG