رسائی کے لنکس

پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا، ہفتے کو عید ہوگی


جمعے کی شام ملک کے متعدد علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جن کی تصدیق کے بعد مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی نے ہفتے کو عیدالفطر منانے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ بھارت اور بنگلہ دیش میں بھی ہفتے کو عید منائی جائے گی۔

پاکستان میں عید کا چاند نظر آگیا ہے۔ عیدالفطر ہفتہ 18جولائی کو منائی جائے گی۔ جمعہ کی شام ملک کے متعدد علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جن کی تصدیق کے بعد ہفتے کو ملک بھر میں عیدالفطر منانے کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔

چاند نظر آنے کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن نے اسلام آباد میں کیا، جہاں رویت ہلال کے حوالے سے جمعہ کو مرکزی کمیٹی کا بند کمرے میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مفتی منیب الرحمٰن نے کی۔ اجلاس میں ملک بھر سے آئے ہوئے مختلف مکاتب فکر کے علماء، ماہرین فلکیات اور محکمہ موسمیات کے ماہرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے علاوہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں زونل اور ضلعی ہلال کمیٹیوں کے بھی اجلاس منعقد ہوئے۔ وزرات مذہبی امور نے ملک بھر سے چاند نظر آنے کی اطلاعات ایک ہی جگہ موصول کرنے کے لئے ایک سیل بھی قائم کیا تھا۔

مستند شہادتیں
ملک بھر میں ایک درجن سے زائد علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ 4 شہادتیں اسکردو کے علاقے ہلا ل آباد سے موصول ہوئیں۔ سندھ میں گولارچی ضلع بدین اور سانگھڑ سمیت کئی علاقوں سے بھی اسی قسم کی متعدد مستند شہادتیں موصول ہوئیں۔

علاوہ ازیں ضلعی اور زونل کمیٹیوں کو جو شہادتیں موصول ہوئیں انہیں مرکزی کمیٹی کو ارسال کیا گیا، مرکزی کمیٹی کے ارکان نے ان شہادتوں کی قواعد و ضوابط کے مطابق جانچ پڑتال کی اور بعد ازاں انہیں مستند تسلیم کرتے ہوئے ہفتے کو عید منانے کا اعلان کیا گیا۔

پاکستان کے محکمہ موسمیات نے بھی آج ملک کے بیشتر علاقوں میں چاند نظر آنے کے واضح امکانات کی نشاندہی کی تھی۔ محکمے کا کہنا ہے کہ چاند جمعرات کی شام 6 بج کر24 منٹ پر پیدا ہوا تھا اور جمعہ کو غروب آفتاب کے بعد اس کے نظر آنے کے وسیع امکانات موجود تھے۔

بھارت اور بنگلہ دیش میں بھی عید ہفتے کو ہو گی
پاکستان کے علاوہ بھارت میں بھی ہفتے کو ہی عید منائی جائے گی۔

دارالحکومت دہلی میں واقع جامع مسجد کے شاہی امام نے شوال کا چاند نظر آنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔ بھارتی ریاستوں حیدرآباد دکن، تامل ناڈو، بہار، منی پور اور کئی دیگر علاقوں میں عید کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔

بھارت کے علاوہ بنگلہ دیش میں بھی جمعہ کی رات شوال کا چاند نظر آنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جن کی جانچ پڑتال کے بعد بنگلہ دیشی رویت ہلال کمیٹی نے چاند نظر آنے اور ہفتے کو ملک بھر میں عید منانے کا حتمی اعلان کیا۔

XS
SM
MD
LG