رسائی کے لنکس

سعودی عرب میں رمضان کا چاند نظر نہیں آیا


سعودی عرب کے ساتھ ساتھ دیگر کئی خلیجی ممالک اور ترکی، ملائشیا، انڈونیشیا و جاپان میں بھی رمضان کا چاندنظر نہیں آیا۔ یہاں بھی پہلا روزہ جمعرات 18 جون کو ہوگا۔ پاکستان میں رویت ہلاک کمیٹی کا اجلاس بدھ کو کراچی میں ہوگا

سعودی عرب میں منگل کو رمضان کا چاند نظر نہیں آیا، اس لئے پہلا روزہ جمعرات 18 جون کو ہوگا۔ چاند نظر نہ آنے کا اعلان سرکاری طور پر سعودی علماء کونسل نے کیا۔

سعودی عرب کے ساتھ ساتھ دیگر کئی خلیجی ممالک اور ترکی، ملائشیا، انڈونیشیا و جاپان میں بھی رمضان کا چاند نظر نہیں آیا۔

سعودی عرب میں مقیم سینئر صحافی، شاہد نعیم نے ’وائس آف امریکہ‘ کے نمائندہ کو بتایا کہ علما کونسل نے شہریوں سے بھی چاند دیکھنے اور کونسل میں اس کی شہادت ریکارڈ کرانے کی اپیل کی تھی۔ تاہم، ملک بھر میں کہیں سے بھی چاند دیکھے جانے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

عرب میڈیا سے بھی چاند نہ نظر آنے کی خبریں نشر کی گئی ہیں جبکہ سعودی عرب کے ماہرین فلکیات نے بھی یہی پیشگوئی کی تھی کہ پہلا روز ہ جمعرات 22جون کو ہوگا۔

سعودی عرب کے علاوہ خلیجی ممالک میں بھی کہیں چاند نظر نہیں آیا جس کے سبب وہاں بھی پہلاروزہ جمعرات کو ہوگا۔

پاکستان میں چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بدھ کی شام کراچی میں ہوگا، جس کے بعد یہ فیصلہ ہوگا کہ پاکستان میں پہلا روزہ جمعرات کو ہوگا یا جمعے کو۔

دنیا کا سب سے بڑا دسترخوان
رمضان کے دوران عمرہ زائرین کی تعداد کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ ایک ماہ کے دوران یہ تعداد 20 لاکھ سے 25 لاکھ تک پہنچ جاتی ہے۔ سعودی شہر مکہ میں واقع مسجد الحرام میں رمضان کے دوران زائرین کو روزہ افطار کرانے کے لئے ہر روز دنیا کا سب سے بڑاد سترخوان بچھایا جائے گا۔

پاکستان کے مقامی روزنامے ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق افطار کے لئے روزانہ 70 ٹن سے زائد کھجوریں تقسیم کی جائیں گی۔

مسجد کی انتظامیہ نے افطار کرانے والوں کے لئے نئے ضابطوں کا اعلان کیا ہے جس کے تحت افطاری کے لئے بچھائے جانے والے نائیلون کے تمام دستر خوان ایک ہی رنگ کے ہوں گے اور ان کی موٹائی 50 مائیکرون سے کم نہیں ہوگی۔ افطار کے لئے زم زم، عربی قہوہ اور کجھوریں تقسیم کی جائیں گی۔

XS
SM
MD
LG