رسائی کے لنکس

کوئٹہ: ہزارہ برادری پر بم حملہ، ایک شخص ہلاک


بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک بار پھر شیعہ ہزارہ برادری پر بم حملے میں ایک شخص ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں دو کی حالت ڈاکٹروں نے تشویشناک بتائی ہے۔

ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ کا کہنا ہے کہ نا معلوم شرپسندوں نے شہر کے مرکزی علاقے میں واقع حیدری مارکیٹ میں منگل کی شام ایک دُکان کے ساتھ دھماکہ خیز مواد پلاسٹک کے تھیلے میں رکھا تھا، جس میں ٹائمر ڈیواس کے ذریعے دھماکہ کیا گیا۔

دھماکے میں ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہوگیا اور راہ گیر و دکانداروں سمیت دس افراد کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ ایک بڑے عرصے کے بعد دہشت گردوں نے ایک بار پھر شیعہ ہزارہ برادری کے لوگوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اُن کے بقول، حیدری مارکیٹ میں زیادہ تر دُکانیں شیعہ ہزارہ برادری کے لوگوں کی ہیں۔

دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور موقع پر عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ اور شواہد جمع کئے۔ دھماکہ شہر کے حساس ترین علاقے میں کیا گیا۔ اس مقام سے ایک کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر شیعہ ہزارہ برادری کی ایک بڑی آبادی رہائش پذیر ہے۔

دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ یا تنظیم نے قبول نہیں کی۔ تاہم، ایک ہفتہ قبل ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔

رواں سال کے دوران شیعہ ہزارہ برادری کے لوگوں کو نشانہ بنانے کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے اس سے پہلے عیدالفطر کے موقع پر زیارت میں پکنک منانے والے شیعہ برادری کے لوگوں پر بم حملہ کیا گیا تھا، جس میں پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

گزشتہ 30 جولائی کو بھی کوئٹہ کے مرکزی علاقے باچاخان چوک پر پولیس پر ہونے والے بم حملے میں پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ یہ دوسرا دھماکہ بھی باچا خان چوک کے قریب ہی ہوا ہے۔

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں کافی عرصے تک امن رہنے کے بعد ایک بار پھر دھماکوں میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ ایک ہفتے میں یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے جس میں ایک شخص کی جان ضائع ہوئی۔ صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ امن و امان کی بہتری کے لئے مزید اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG