رسائی کے لنکس

کوئٹہ میں بم دھماکہ، دو ہلاک


بلوچستان میں پولیس گاڑی پر حملے کے بعد کا منظر
بلوچستان میں پولیس گاڑی پر حملے کے بعد کا منظر

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سریاب روڈ پر بدھ کو ہونے والے ایک بم دھماکے میں پولیس اہکار سمیت کم از کم دو افراد ہلاک اور دس زخمی ہوگئے۔

پولیس کے ڈی آئی جی آپریشن حامد شکیل نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ اس حملے کا ہدف پولیس کی گاڑی تھی جو سٹر ک کے کنارے ایک دوکان کے پاس کھڑی تھی۔ دھماکا پہلے سے نصب ریمورٹ کنٹرول بم سے کیا گیا۔

دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت زخمی ہونے والے دس افراد کو قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بم دھماکے میں دو سے اڑھائی کلو گرام بارود استعمال کیا گیا۔

بلوچستان میں اس سے قبل بھی پولیس کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے البتہ حکام کا کہنا ہے کہ تشدد کے ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیوں میں خاطر خواہ کامیابی ہو رہی ہے ۔

بلوچستان میں پولیس اہلکاروں پر حملوں کے علاوہ صوبے میں مذہبی جلوسوں کو بھی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور گذشتہ ماہ کوئٹہ میں یوم القدس کے مو قع پر نکالی گئی ریلی پر خودکش حملے میں 65 افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG