پاکستان سپر لیگ کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں افتتاحی تقریب کے بعد کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ مقررہ بیس اوورز پورے نہ کھیل سکی اور 19.1 اوورز میں 168 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ انگلش کرکٹر ڈیوڈ میلن نے 40 گیندوں پر 64 رنز بنائے جن میں 5 چوکے اور 3 بلند چھکے شامل تھے۔
کیوی بیٹسمین لیوک رونچی نے 23 اور آخر میں فہیم اشرف نے 8 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 20 رنز اسکور کیے۔ محمد حسنین نے 4 اور آسٹریلوی بولر بین کٹنگ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے 19ویں اوور میں ہدف حاصل کر لیا۔ اعظم خان 33 گیندوں پر 59 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ محمد نواز نے 13 گیندوں پر 23، بین کٹنگ نے 12 گیندوں پر 22 اور سہیل خان نے 9 گیندوں پر 18 رنز بنا کر کامیابی کو آسان کیا۔ محمد موسیٰ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جمعے کو پہلے میچ میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی نیشنل اسٹیڈیم میں سامنا کریں گی، جبکہ دوسرا میچ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔