رسائی کے لنکس

پنجابی گلوکار سدھو موسے والا  کا قتل؛ 'یقین نہیں آ رہا، ایشیا کا ٹیلنٹڈ ریپر بھارت میں مارا گیا'


سدھو موسے والا کے گزشتہ چند برسوں کے دوران متعدد گانے ہٹ ہوئے جن میں 295، سیلف میڈ، بارود اور دیگر شامل ہیں۔ (فائل فوٹو)
سدھو موسے والا کے گزشتہ چند برسوں کے دوران متعدد گانے ہٹ ہوئے جن میں 295، سیلف میڈ، بارود اور دیگر شامل ہیں۔ (فائل فوٹو)

بھارت کے مشہور پنجابی گلوکار اور کانگریس رہنما شبھ دیپ سنگھ سدھو کو ریاست پنجاب کے ضلع مانسہ میں اتوار کو فائرنگ کر کے قتل کرد یا گیا۔ ان کے قتل پر شوبز شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سدھو موسے والا کے نام سے مشہور گلوکار کو متعدد گولیاں ماری گئیں جو جانبر نہ ہو سکے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا میں مقیم گینگسٹر 'گولڈی برار' نے سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

گلوکار کے قتل کے بعد اتوار کو ہی پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) وریش کمار بھروہ نے پریس کانفرنس میں دعویٰ کیاتھا کہ سدھو موسے والا کے قتل کے پیچھے 'لارنس بشنوئی گینگ' کا ہاتھ ہے اور انہوں نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے 'انڈین ایکسپریس' کے مطابق چند روز قبل ہی پنجاب پولیس کی جانب سے گلوکار سدھو موسے والا سمیت کئی افراد کی سیکیورٹی پر تعینات افراد کی تعداد کم کی گئی تھی۔

ڈی جی پی وریش کمار نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ابتدائی تشویش کے مطابق سدھو موسے والا کے پاس سیکیورٹی کے لیے چار اہلکار تھے جن میں سے یاد گاری دن 'گھلو گھارا' کی وجہ سے ان کے دو محافظوں کو واپس بلا لیا گیا تھا۔

وریش کمار کے مطابق 'گھلو گارا' کے موقع پر پنجاب میں ہر سال سیکیورٹی کے انتظامات یقینی بنانے کے لیے لوگوں کی سیکیورٹی میں سے فورس نکالی جاتی ہے۔

'انڈین ایکسپریس' کے مطابق پنجاب پولیس نے ریٹائرڈ پولیس افسران، مذہبی شخصیات اور دیگر 424 افراد کی سیکیورٹی کم کرنے کا حکم دیا تھا۔

ڈی جی پی پنجاب کے بقول اتوار کو جب گلوکار اپنے گھر سے نکلے تو وہ اپنے دونوں محافظوں کو ساتھ لے کر نہیں گئے تھے جب کہ وہ اپنی بلٹ پروف گاڑی میں بھی نہیں گئے تھے۔ تاہم ان کے قتل کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی جا چکی ہے۔

پاکستان اور بھارت کے ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ سدھو موسے والا ٹرینڈ کر رہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ ساتھ سیاسی، سماجی اور شوبز ستاروں کی جانب سے ٹوئٹس کی جا رہی ہیں۔

بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما منجندر سنگھ نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ سے گلوکار کے قتل کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

بالی وڈ اداکار انیل کپور نے بھی سدھو موسے والا کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ ایک با صلاحیت نوجوان بہت جلد ہم سب کو چھوڑ کر چلا گیا۔

بھارتی کامیڈین کپل شرما نے کہا کہ سدھو موسے والا ایک بہترین فن کار اور اچھا انسان تھا۔

اداکار اجے دیوگن نے سدھو موسے والا کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے گھر والوں کے لیے دعا کی۔

اداکارہ نیہا شرما نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ وہ ابھی تک صدمے میں ہیں اور انہیں یقین نہیں آ رہا کہ یہ سچ ہے۔

بھارتی کرکٹر شیکھر دھون نے بھی گلوکار کے قتل پر گہرے رنج کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے پاس کہنے کو الفاظ نہیں ہیں۔

بھارتی ماڈل اور اداکارہ شہناز گل نے سدھو موسے والا کے قتل پر کہا کہ کسی کا جوان بھائی اور بیٹا اس دنیا سے چلا گیا اس سے بڑا دنیا کا کوئی اور دکھ نہیں ہو سکتا۔

پنجابی گلوکار روچ کلہ نے کہا کہ یہ ہماری انڈسٹری کے لیے سیاہ دن ہے۔

پاکستانی یوٹیوبر سعد الرحمان نے پنجابی گلوکار کے قتل پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین نہیں آ رہا، ایشیا کا انتہائی ٹیلنٹڈ ریپر بھارت میں مارا گیا۔

یوٹیوبر اور اداکار شاہویر جعفری نے بھی سدھو موسے والا کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا۔

سدھو موسے والا کون تھے؟

بھارتی جریدے 'انڈیا ٹوڈے' کے مطابق گلوکار سدھو موسے والا جون 1993 میں پنجاب کے ضلع مانسہ کے قریب ایک گاؤں میں پیدا ہوئے تھے۔ گزشتہ چند برسوں میں ان کے متعدد گانے ہٹ ہوئے۔ جن میں 295، سیلف میڈ، بارود اور دیگر شامل ہیں۔

سدھو موسے والا نے اپنے کالج کے دنوں میں موسیقی سیکھی تھی جس کے بعد وہ کینیڈا چلے گئے تھے۔انہوں نے الیکٹریکل انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی۔

رواں برس کے آغاز میں انہوں نے پنجاب اسمبلی کے لیے کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا اور انہیں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے امیدوار وجے سنگلا سے شکست ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG