رسائی کے لنکس

پی ایس ایل فائیو: پوائنٹس ٹیبل پر دلچسپ صورتِ حال


ملتان سلطانز سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے قریب ہے جب کہ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سب سے آخری پوزیشن پر ہے۔ اسلام آباد کے ایونٹ سے باہر ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ (فائل فوٹو)
ملتان سلطانز سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے قریب ہے جب کہ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سب سے آخری پوزیشن پر ہے۔ اسلام آباد کے ایونٹ سے باہر ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ (فائل فوٹو)

پاکستان سپر لیگ کے 23 ویں میچ میں لاہور قلندرز کی جیت کے ساتھ ہی پوائنٹس ٹیبل پر دلچسپ صورتِ حال بن گئی ہے۔ ابتدائی چار ٹیموں میں جگہ بنانے کے لیے ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔

پی ایس ایل میں پیر کو وقفہ ہے اور تمام ٹیمیں آرام کریں گی۔ منگل کو قذافی اسٹیڈیم میں ایونٹ کا 24واں میچ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اتوار کو لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ دلچسپ مقابلے کے بعد میزبان قلندرز کے نام رہا اور اسی کے ساتھ قلندرز نے چھ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر پانچویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر ابتدائی چار ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل مقابلہ ہو گا اور دو ٹیموں کو ایونٹ سے باہر ہونا ہے۔

اس وقت ملتان سلطانز سات میچز کھیل کر 11 پوائنٹس کے ساتھ سرِفہرست ہے اور سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ملتان کے پاس اب بھی تین میچز ہیں۔ اس نے پانچ میچز میں کامیابی حاصل کی اور ایک میں شکست ہوئی۔

پشاور زلمی کی ٹیم اب تک ایونٹ میں آٹھ میچز کھیل چکی ہے اور نو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ پشاور کو چار میچز میں کامیابی اور تین میں ناکامی کا سامنا رہا۔ اس کے پاس مزید دو میچز ہیں۔

اسی طرح اسلام آباد یونائیٹڈ پوائنٹس ٹیبل پر سات پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے لیکن اس کے سیمی فائنل کی دوڑ سے نکلنے کے امکانات زیادہ ہیں۔

اسلام آباد ایونٹ میں نو میچز کھیل چکی ہے اور اس کے پاس صرف ایک میچ ہے۔ اگر سیمی فائنل کی آس لگانا ہے تو اسلام آباد کو کراچی کنگز کے خلاف 14 مارچ کو کھیلا جانے والا میچ لازمی جیتنا ہو گا۔

کراچی کنگز اب تک سات میچز کھیل چکی ہے اور اس کے سات ہی پوائنٹس ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر کنگز چوتھے نمبر پر ہے اور اس کے پاس مزید تین میچز ہیں۔

پوائںٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز کی ٹیم چھ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ قلندرز ایونٹ میں سات میچز کھیل چکے ہیں جس میں اُنہیں تین میں کامیابی اور چار میں ناکامی ہوئی۔ قلندرز کے پاس مزید تین میچز ہیں۔

دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایونٹ میں اب تک سب سے آخری نمبر پر ہے۔ کوئٹہ ایونٹ کے آٹھ میچز کھیل کر چھ پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ اس نے تین میچز میں کامیابی سمیٹی جب کہ پانچ مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کوئٹہ کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے اگلے دونوں میچز لازمی جیتنا ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG